لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے باہر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے قائدین کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیا۔
پاکستان میں پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما فریال تالپور، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری کے خلاف لندن میں دونوں جماعتوں کے کارکن ہائی کمیشن کے باہر جمع ہو گئے۔
مظاہرے میں پارٹی پرچم اٹھائے خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ شرکا پاکستان میں نیب کی پکڑ دھکڑ کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے حکومت اور نیب کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کے برطانیہ میں پارٹی صدور اور دیگر کارکنوں نے موقف اختیار کیا کہ سیاسی انتقام کے لیے حکومت چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی پامال کر رہی ہے۔
مظاہرے میں برطانیہ کے دیگر شہروں سے بھی پارٹی کارکن بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ بڑی تعداد میں مظاہرین کے جمع ہونے کے بعد پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا تاہم کوئی ناخواشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔













