وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان صحافیوں کے تمام جائز توقعات کو پورا کرنے کی صلاحیت اور وژن رکھتے ہیں، میڈیا کے لیے اشتہارات کی نئی پالیسی میں ہم بہت تبدیلیاں لارہے ہیں، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے۔

اسلام آباد میں کونسل آف نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور صحافی تنظیموں کا ترجمان ہونا اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے صحافیوں کو ہمیشہ اپنی طاقت مانا ہے اور عوام اور حکومتی بیانتے کو اس وقت تک جوڑا نہیں جاسکتا جب تک میڈیا ایک پل کی طرح اپنا کردار ادا نہ کرے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میڈیا انڈسٹری میں اضطراب، افراتفری اور غیریقینی صورتحال تھی اور میڈیا پر پابندی لگانے سے ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہوئی، تاہم ہم میڈیا کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان صحافیوں کے تمام جائز توقعات کو پورا کرنے کی صلاحیت اور وژن رکھتے ہیں، وہ تمام صورتحال سے باخبر ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ میڈیا انڈسٹری میں غیر یقینی صورتحال کا اثر میڈیا ورکر پر جائے گا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میڈیا ورکرز ہمیشہ عمران خان کے دل کے قریب رہا ہے کیونکہ ان کے دل میں درد اور احساس ہے، اگر یہ نہ ہوتا تو شوکت خانم ہسپتال نہ بناتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ کو ساتھ رکھ کر طاقت دینی ہے، کسی بھی معاشرے میں محاذ آرائی سے حل نہیں نکالا جاسکتا، مذاکرات اور مشاورت کے بغیر مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

SHARE

LEAVE A REPLY