یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے ممکنہ طور پر بحیرہ احمر میں ایک بحری جہاز کو اتوار کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے سبب جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں نے اہم سمندری گزر گاہ کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب امریکہ نے اپنے طیارہ بردار بحری جہاز ڈی وائٹ ڈی ایسن ہوور کو آٹھ ماہ کی تعنیاتی کے بعد وطن واپس بھیج دیا ہے جو حوثیوں کے حملوں کے خلاف امریکی رد عمل کے لیے بحیرہ احمر میں تعینات تھا۔
ان حملوں کی وجہ سے ایشیائی، مشرق وسطیٰ اور یورپی منڈیوں کے لیے اس اہم راستے کے ذریعے ہونے والی آمد و رفت میں شدید کمی دیکھی گئی ہے جن کے بارے میں حوثیوں کا کہنا ہے کہ یہ حملے تب تک جاری رہیں گے جب تک کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ جاری ہے۔












