وفاقی بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کی تبدیلی کے بارے میں باتیں ہونے لگیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شبر زیدی کو اس سے بڑا عہدہ دیا جاسکتا ہے جن میں یا تو وزیر مملکت برائے ریوینیو جو حماد اظہر کے جانے بعد خالی ہے، یا تو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریوینیو کا عہدہ شامل ہے۔
رابطہ کیے جانے پر ایف بی آر چیئرمین کا کہنا تھا کہ ‘میں اس معاملے پر کوئی رائے نہیں دینا چاہتا، وزیر اعظم عمران خان اس پر خود فیصلہ کریں گے’۔
واضح رہے کہ شبر زیدی کو 10 مئی کو وزیر اعظم نے خود ایف بی آر چیئرمین کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔
وزیر اعظم کے قریب ایک اور ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وفاقی کابینہ میں دو بڑی تبدیلیوں کے بارے میں غور کیا جارہا ہے، تاہم انہوں نے ان کا نام نہیں بتایا جبکہ اطلاعات ہیں کہ ان میں سے ایک شبر زیدی ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ‘اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، وزیر اعظم آخری لمحات میں بھی تبدیلیاں کرسکتے ہیں جس کی وجہ سے فی الوقت نام ظاہر کرنا مناسب نہیں’۔
وزیر اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر ایف بی آر کے اراکین کے ساتھ 17 جولائی کو ہونے والا اجلاس منسوخ کردیا تھا۔
اس سے قبل 10 جولائی کو بھی انہوں نے اس اجلاس کو منسوخ کیا تھا۔
ایف بی آر کے اراکین جو براہ راست چیئرمین کو رپورٹ کرتے ہیں، نے ڈان کو بتایا کہ ان کے اور شبر زیدی کے درمیان کچھ اختلافات ہیں، ان میں سے ایک کا کہنا تھا کہ ‘چیئرمین اراکین کو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کرتے ہیں، ایف بی آر کے سربراہ اور ان کی ٹیم کے اراکین کے درمیان عدم اعتماد ہے’۔
ٹیکس ادارے کے اعلیٰ افسران میں تبدیلیوں کے حوالے سے شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ‘ہم طویل المدتی منصوبہ بنارہے ہیں اور ہم کسی کا بھی ایڈ ہاک کی بنیاد پر تبادلہ نہیں کریں گے تاہم حتمی فیصلوں تک تمام ٹیکس افسران کو اپنے شیڈول کے مطابق کام کرنا ہوگا’۔
کاروباری برادری نے بجٹ میں اعلان کیے گئے مالی اقدامات پر احتجاج کیا ہے، چیئرمین اور تاجر برادران کے وفد کے درمیان کراچی اور سیالکوٹ میں ملاقات میں شور و غل دیکھا گیا تھا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی سامنے آئیں۔
اطلاعات ہیں کہ انہوں نے بھی اعلیٰ حکام سے شبر زیدی کی تقرری پر رابطہ کیا ہے۔
تاہم ابھی یہ بات واضح نہیں کہ کاروباری برادری میں شبر زیدی کی تقرری کے حوالے سے پایا جانے والا غصہ وزیر اعظم کی جانب سے ان کو تبدیل کرنے پر غور کرنے کی وجہ بنا یا نہیں۔
کابینہ ڈویژن میں ایک اور ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ حکومت ایف بی آر کے چیئرمین کے لیے ایک اور امیدوار تلاش کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شبر زیدی کو معاون خصوصی بنانے کے بعد حکومت جہانزیب خان کو ایف بی آر چیئرمین تعینات کرنے پر بھی غور کرسکتی ہے۔
ان کے مطابق حکومت نے جہانزیب خان کو سیکریٹری معاشی امور ڈویژن اور کابینہ کے عہدے کی بھی پیشکش کر چکی ہے تاہم انہوں نے دونوں پیشکش مسترد کردی تھیں اور وہ اب بھی وفاقی سیکریٹری کے عہدے پر تعیناتی کا انتظار کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اور اہم امیدوار یونس داغا ہیں جنہیں حال ہی میں سیکریٹری فنانس کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔













