جنوب مشرقی امریکی ریاستوں میں طوفان نے تباہی مچادی۔مختلف حادثات میں 16 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔برطانیہ میں بھی رواں ہفتے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

ہوا کے بگولوں اور آندھی سے ریاست جارجیا، مسی سپی، فلوریڈا اور الاباما متاثر ہوئے۔بگولوں اور آندھی نے کئی مکانوں کو ملبے کے ڈھیر میں بدل دیا۔ درخت اکھڑگئے، گاڑیوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچا۔

ریاست جارجیا میں طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 10سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ حکام نے سات کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

ریاست مسی سیپی میں بھی ہوا کے طاقتور بگولوں نے اپنے سامنے آنے والی ہر چیز کو ملیامیٹ کردیا۔کئی عمارتوں اور گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں ۔ طوفان کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ریاست فلوریڈا اور الاباما کے شہر بھی طوفان سے متاثرہوئے۔

امریکا کے محکمہ موسمیات نے مزید گرج چمک کے ساتھ طوفان کے خطرے کے باعث شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ۔

اُدھر نیوزی لینڈ میں طوفانی بارش سے آکلینڈ اور آس پاس کےعلاقوں میں بھی جل تھل ایک ہوگیا۔ اٹھارہ سو اسی کی دہائی میں تعمیر کی گئی ایک عمارت بھی بارش سے متاثر ہوئی۔ پندرہ ہزار سے زائد مکانات کی بجلی منقطع ہوگئی۔

دوسری جانب برطانیہ میں بھی اس ہفتے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ برطانوی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج اور منگل کو درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے جاسکتا ہے

SHARE

LEAVE A REPLY