وزیر اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ ماضی میں ظلِ سبحانی راجکماری اور کرپشن کے ولی عہد سمیت درباریوں کے جہاز بھر کر دوروں پر جایا کرتے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان متعلقہ لوگوں کا مختصر وفد ساتھ لے کر امریکا کے دورے پر جا رہے ہیں، یہ ہوتا ہے دونوں قیادتوں اور ان کی سوچ کا فرق۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے عوام کی امنگوں کا عملی اظہار ہیں، عوامی وزیر اعظم عوام کا احساس کرتے ہوئے عوامی انداز میں عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے امریکا روانہ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمرشل فلائٹ سے حقیقی عوامی وزیر اعظم کی روانگی مغلیہ طرزِ حکمرانی اپنانے والوں کے لیے ایک مثال ہے۔

وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اس اہم دورے میں پاکستان اور اس کے عوام کے مفاد کی نگہبانی کا فرض ادا کرنے جا رہے ہیں، ماضی کے حکمران بین الاقوامی دوروں میں اپنے ذاتی مالی مفادات کو سامنے رکھتے تھے۔

اس سے قبل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا اپوزیشن کا حق ہے، ہم اس حق کو تسلیم کرتے ہیں، پہلی مرتبہ طاقتور لوگ احتساب کے شکنجے میں آئے ہیں، چاہتے ہیں کہ ملک میں ادارے مضبوط اور قانون کی حکمرانی ہو۔

انہوں نے پروگرام میں مزید کہا کہ ایک حکومت کا بیانیہ ہے اور دوسرا اپوزیشن کا بیانیہ ہے، پنجاب کے وزیرِ جنگلات نیب کی حراست میں ہیں، اپوزیشن نے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ڈی چوک پر قانون کی حکمرانی اور اداروں کی مضبوطی کے لیے نکلے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY