پروگرام کے مطابق، 21 جولائی کو وزیر اعظم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے

0
617

وزیر اعظم عمران خان سہ روزہ دورہ امریکہ پر ہفتے کی شام واشنگٹن ڈی سی پہنچے۔

اس سے قبل ایک نجی پرواز کے ذریعے ڈیلس ایئرپورٹ آمد پر امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر حکام؛ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سفیر اسد مجید خان نے ان کا استقبال کیا۔

ان کے ہمراہ آنے والے وفد میں وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس عبدالرزاق داؤد اور سکریٹری خارجہ، سہیل محمود شامل ہیں۔

سفیر کی رہائش گاہ پر، ہفتے کی شام وزیر اعظم نے پرانے دوستوں سے ملاقات کی۔

پروگرام کے مطابق، 21 جولائی کو وزیر اعظم ’کیپیٹل ون ایرینا‘ کے آڈیٹوریم میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کریں گے۔

بعد ازاں، وہ پاکستانی بزنس سمٹ میں شرکت کریں گے۔

وہ عالمی بینک کے سربراہ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی قائم مقام سربراہ سے ملاقاتیں کریں گے؛ اور بزنس کمیونٹی اور تاجروں سے ملیں گے۔

پیر، 22 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا وائٹ ہاؤس میں خیرمقدم کریں گے، جس کے بعد دونوں سربراہان کے درمیان باضابطہ بات چیت ہوگی۔

اسی روز، وہ پاکستان امریکہ بزنس کونسل کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی بھی وزیر اعظم سے ملاقات ہوگی۔

منگل، 23 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان کی امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر، نینسی پلوسی سے ملاقات ہوگی۔

اسی روز وزیر اعظم مقامی تھنک ٹینک کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

وہ کیپیٹل ہل کا دورہ بھی کریں گے، اور بعد ازاں امریکی میڈیا کے نمائندوں کو انڑویو دیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY