غاصب بھارتی افواج کے ہاتھوں 7 کشمیری شہید

0
563

مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج نے انتہائی سفاکیت کا مظاہرے کرتے ہوئے سات کشمیریوں کو شہید کردیا ہے،سید علی گیلانی نے گزشتہ روز ہی اپنے ٹوئٹ میں ظالم بھارتی فوج کے ہاتھوں تاریخ کے بدترین قتل عام کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں تین کشمیری نوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ ضلع شوپیاں میں جعلی آپریشن کے بعد تباہ شدہ مکان کے ملبے سے مزید دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد شوپیاں میں شہید کشمیریوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔اس سے قبل گزشتہ روز شہید ہونے والے زینت الاسلام نیکو کی نماز جنازہ میں ہزاروں کشمیریوں نے شرکت کی،جلوس جنازہ میں شریک کشمیری آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت انسانی تاریخ کا بڑا نسل کش آپریشن شروع کرنے جارہا ہے، اگر ہم مرگئے اور تم خاموش رہے تو اللہ کے آگےجواب دینا پڑے گا۔

سید علی گیلانی نے خطہ ارض پر رہنے والے تمام مسلمانوں کے نام اپنے پیغام میں واضح کیا کہ یہ ٹوئٹ ہماری جان بچانے کا پیغام ہے اور اسے ایس او ایس کے طور پر لیا جائے، اللہ ہم سب کی حفاظت کرے

SHARE

LEAVE A REPLY