وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف افغانستان کی مدد کیلئے تیار ہے۔
وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افغانستان سے مطالبہ کیا ہے انہیں دہشتگردی کو روکنا چاہیے، ہمارے ہاں بھی دہشت گردی ہو تی ہے اور افغانستان میں بھی دہشتگردی ہوتی ہے، دہشتگردی کو روکنا دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بارے میں ہماری پالیسی واضح ہے، نیٹو نے جو اسلحہ اور سپلائز چھوڑی ہیں وہ بعض جگہوں پر دہشت گردوں کے پاس ہے، پاکستان دہشت گردی کے مقابلے کے لیے افغانستان کو مدد دینے کو تیار ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ کابل کے قبضے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ دنیا کے اہم رہنماؤں کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی کامیاب ہے، ہم بلاکس کی سیاست میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے وزارت خارجہ کو سیاسی جماعتوں سے بالا رکھیں، نگران حکومت کے لیےمذاکرات آہستہ آہستہ آگےبڑھ رہے ہیں۔











