مزاحیہ فن اداکاری کے ذریعے فلم بینوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے نامور اداکار رنگیلا کی برسی چوبیس مئی کو منائی جاتی ہے۔ رنگیلا نے 650 سے زائد فلموں میں مزاحیہ اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ سنجیدہ مکالموں میں بھی کوئی انکا ثانی نہ تھا۔ رنگیلا کو نگار ایوارڈ سمیت متعدد دیگر اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
محمد سعید خان عرف رنگیلا یکم جنوری 1937 کو افغانستان میں پیدا ہوئے، رنگیلا نے عملی زندگی کا آغاز پروفیشنل باڈی بلڈرز سے کیا لیکن انہیں شہرت اداکاری سے حاصل ہوئی۔ رنگیلا نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1958 میں بننے والی فلم ’جٹی سے کیا۔
انکی مشہورفلموں میں رنگیلا، دل اور دنیا، پردے میں رہنے دو، ایماندار، بے ایمان، انسان اور گدھا اور دو رنگیلے سمیت دیگر شامل ہیں۔ رنگیلا ادکاری کے علاوہ، مصنف، ہدایتکار اور گلوکار بھی تھے۔ ان کے گائے ہوئے سدا بہار گیت آج بھی شائقین کی سماعتوں کو راحت بخشتے ہیں۔
رنگیلا نےمزاحیہ اور سنجیدہ کرداروں پر مبنی 650 سے زائد فلموں میں کام کیا اور ان کی منفرد اداکاری کے اعتراف میں انہیں نگار ایوارڈ سمیت دیگر کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ محمد سعید خان عرف رنگیلا 24 مئی 2005 کو گردوں کے مرض کے باعث جہان فانی سے کوچ کر گئے













