گورنر سندھ عمران اسماعیل حج کیلئے روانہ، ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی نے قائم مقام گورنر کےعہدے کاحلف اٹھانے سے انکار کر دیا۔

ترجمان سندھ حکومت کہتے ہیں کہ صدرمملکت کے نوٹیفکیشن پر تحفظات ہیں، سپیکر کے ہوتے ہوئے ڈپٹی سپیکر کو قائم مقام گورنر مقرر کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر سندھ اسمبلی موجود ہیں، صدر مملکت کو اختیار نہیں کہ وہ کسی اور کو قائم مقام گورنر مقرر کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر بھی آئین کی طابع ہیں اور قانون سے انحرافی نہیں کریں گی۔ ڈپٹی سپیکر بھی حلف وفاداری میں شرکت نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا اس نوٹیفکیشن پر سخت اعتراض ہے صدر مملکت نوٹیفکیشن کو معطل کریں۔ عمران اسماعیل کی حج کیلئے روانگی کے باعث قائم مقام گورنر لگانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

دوسری جانب کورم پورا نہ ہونے پر سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری ایوان میں اسمبلی اجلاس کی صدارت کیلئے پہنچیں تو صرف دو اراکین موجود تھے جس کے بعد اجلاس 2 بج کر پانچ منٹ پر شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY