ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا انحصار اب حالات پر ہوگا، بھارت

0
530

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی میں تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں اس کا انحصار حالات پر ہوگا۔

برطانوی خبررساں ادارے ’ رائٹرز ‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے مغربی علاقے میں جوہری دھماکوں کے مقام پوکھران کے دورے کے دوران وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو بھارت کو جوہری طاقت بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

بعدازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’ پوکھران کے مقام پر بھارت کو جوہری طاقت بنانے کے لیے ہم نے اٹل جی ( بھارت کے سابق وزیراعظم ) کے پختہ عزم کو دیکھا تھا اور ہم اب تک جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی پر سختی سے عمل کررہے ہیں‘۔

بھارتی وزیر دفاع نے کہا کہ ’ مستقبل میں کیا ہوتا ہے اس کا انحصار حالات پر ہے‘۔

راج ناتھ سنگھ کے بیان سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کے بیان نے قومی سلامتی کے معاملے میں غیریقینی کی صورتحال پیدا کردی ہے۔

بھارت نے 1998 میں جوہری طاقت بننے کا اعلان کیا تھا اور اس کے مختصر وقفے کے بعد پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔

اس وقت سے جوہری ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں حریف ممالک جوہری ہتھیار اور میزائل تیار کررہے ہیں۔

ایٹمی تجربے کے وقت بھارت نے کہا تھا کہ اسے چین کے جوہری ہتھیاروں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت تھی لیکن وہ طویل عرصے سے پاکستان کی ایٹمی صلاحیتوں سے متعلق پرُتشویش ہے۔

بھارت کے سیاسی تجزیہ کار اور ماہرِ دفاع شیکھر گُپتا نے کہا کہ بھارتی حکومت جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کے معاملے پر وسیع النظر دکھائی دے رہی اور یہ تبصرے پاکستان سے متعلق بھی ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ’ راج ناتھ سنگھ سوچ سمجھ کر بات کرتے ہیں، وہ پالیسی سے منتقلی کی بات نہیں کررہے لیکن جوہری ہتھیار سے متعلق این ایف یو پالیسی پر کشادہ ذہن سے سوچ رہے ہیں‘۔

دوسری جانب امریکا میں ایم آئی ٹی میں جوہری امور کے ماہر وپن نارنگ کہا کہ راج ناتھ کا سنگھ کا بیان اس بات کا عندیہ تھا کہ جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی مستقبل میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

وپن نارنگ نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ کوئی غلطی نہ کریں، یہ وزیر دفاع کی جانب سے کی اعلیٰ سطحی بیان دیا گیا ہے کہ بھارت جوہری ہتھیار پہلے استعمال نہ کرنے کی پالیسی پر ہمیشہ عمل نہیں کرے گا‘۔

خیال رہے کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے متعلق صدارتی فرمان جاری کرنے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY