یمنی سکیورٹی ذرائع کے مطابق عدن کے ایک فوجی کیمپ کو بارود سے لدی کار کے ساتھ خودکش حملہ آور نے نشانہ بنایا۔ یہ حملہ ہفتہ دس دسمبر کی سہ پہر میں کیا گیا۔ کم از کم پچیس فوجیوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔ حملہ آور نے حملہ اُس وقت کیا جب فوجی اپنی اپنی تنخواہیں وصول کرنے کے لیے جمع تھے۔
سکیورٹی اہلکاروں کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا قوی امکان ہے۔ جس کیمپ پر حملہ کیا گیا، وہ شمال مشرقی علاقے میں واقع ہے۔ ماضی میں ایسے خودکش حملوں کی ذمہ داری جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ قبول کرتی رہی ہے۔ بندرگاہی شہر عدن اِس وقت سعودی عرب کے حمایت یافتہ صدر منصور ہادی کی حکومت کا مرکز ہے۔












