گلیاں، بازار سج گئے، شہر جگمگانے لگے، جشن میلاد النبیﷺ

0
303

آمنہ کے چاندﷺ کی آمد کا جشن ملک کے طول و عرض میں منایا جا رہا ہے۔ شہر شہر، گلی گلی سجا دیئے گئے۔ سب سے اعلیٰ، سب سے اجمل، سب سے افضل، سب سے اکمل، تمام کلمات رحمت اللعالمین کی شان کو بیان کرنے سے قاصر ہیں۔ عاشقان مصطفیٰﷺ عقیدت کے پھول نچھاور کر رہے ہیں اور نعتیہ محافل میں چاند کا نور پھیل گیا ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور، کووئٹہ اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں گلیوں، بازاروں، عمارتوں اور مساجد کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔

سرور کونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن ولادت منانے کے لئے بچے، بڑے سبھی پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں گھروں میں محافل نعت و درود و سلام کا انعقاد کیا جا رہا ہے وہیں رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گلہائے عقیدت بکھیرنے کیلئے مختلف تنظیمیں بھی محافل سجا رہی ہیں۔ کراچی میں مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ سے نکالا جائے گا جس کے لئے ایم اے جناح روڈ پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

شہر قائد میں عید میلاد النبی کے موقع پر بوٹ ریلی بھی نکالی گئی۔ اس موقع پر فضاء درود و سلام سے معطر ہو گئی۔ چنیوٹ اور فیصل آباد میں انیس انیس ہزار پاؤنڈ کے کیک تیار کئے گئے ہیں اور اس کی تیاری میں دیسی گھی اور خشک میوہ جات کا استعمال کیا گیا ہے۔ دریں اثناء، عید میلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں لاہور میں پولیس نے فلیگ مارچ بھی کیا۔ جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر گوجرانوالہ اور سکھر میں مشعل بردار ریلیاں نکالی گئیں۔ عاشقان مصطفیٰ ﷺ کے چہروں پر خوشیاں ہی خوشیاں۔

ملتان میں 75 فٹ لمبا اور 7 فٹ چوڑا، 12 ہزار پاؤنڈ وزنی کیک تیار کیا گیاہے۔ کیک کی تیاری میں 12روز لگے ہیں اور 8 افراد نے یہ کیک تیار کیا ہے۔

چمن میں صاحب آغا دربار پر 12 سو دنبوں اور بکروں کی قربانی کر دی گئی۔ قربانی کا گوشت غربامیں تقسیم کیا اورایک ہزار دیگوں میں پلاؤ بھی بنائے گئے جو لوگوں میں تقسیم کردیاگیا۔ تقریب میں افغانستان سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

رحیم یار خان کی گلیوں اور مکانوں پر سبز جھنڈے لہرا رہے ہیں، لوگوں مکانات اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا ہے

SHARE

LEAVE A REPLY