امان اللہ بسوں میں ٹافیاں بیچتا سٹیج اور ٹی وی تک پہنچ گیا

0
1184

امان اللہ خان پاکستانی سٹیج کے ایک مشہور و معروف مزاحیہ اداکار تھے جو سٹیج کے سب سے پرانے اداکاروں میں سے ایک تھے۔ وہ خبرناک میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں اور آج کل خبر یار میں اپنا کردار ادا کر رہے تھے۔

امان اللہ لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں پھیپھڑوں اور گردوں کی خرابی کی وجہ سے زیر علاج تھے۔ ان کا انتقال 6 مارچ 2020ء کو ہوا

امان اللّٰہ نے غریب گھرانے میں آنکھ کھولی، لیکن اپنی کامیڈی سے 66 سالہ زندگی کو شاندار بنا ڈالا، انہوں نے پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جس پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے انہیں تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔

اہل خانہ کے مطابق امان اللّٰہ خان 1954ء میں گوجرانوالہ کے غریب گھرانے میں پیدا ہوئے، لڑکپن سے خاندان کا پیٹ پالنے کے لیے پھیری لگا کر چیزیں بیچتے رہے، مزاح شروع سے ہی ان کی طبیعت کا حصہ تھا۔

امان اللّٰہ نے کامیڈی کا باقاعدہ آغاز 1995ء میں تھیٹر سے کیا، انہیں شروع میں چھوٹے موٹے کردار ملے، 2006ء میں پہلی فلم ’ون ٹو کا ون‘ اور پھر 2014ء میں فلم ’نامعلوم افراد‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

امان اللّٰہ نے سخت محنت کی اور تھیٹر کی دنیا میں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے، ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامہ پیش کیا اور بہت سے ڈراموں کو اپنی کامیڈی سے یادگار بنا دیا۔

امان اللّٰہ نے ٹی وی شوز میں بھی کام کیا، ہمسایہ ملک بھارت سمیت مختلف ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور ملک کا نام روشن کیا، حکومت نے 2018ء میں انہیں تمغۂ حسنِ کارکردگی سے نوازا۔

رواں برس جنوری میں امان اللّٰہ کو نمونیہ ہونے کے بعد تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا اور اسپتال انتظامیہ کو اس وقت بھی انہیں وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑا تھا۔

اس دوران ایک موقع پر سوشل میڈیا پر امان اللّٰہ کے انتقال کی افواہ پھیل گئی تھی تاہم ان کی صاحبزادی زرغون اور بیٹے معیز علی نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔

امان اللّٰہ نے 3 شادیاں کیں، جبکہ 7 بیٹے اور 7 بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY