امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا اور ایران کے درمیان قائم تنازع میں فرانس کے صدر عمانوئل ماکروں کی جانب سے ثالثی کی کوششیں مسترد کر دی ہیں۔
ٹرمپ نے پیر کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سلسلے میں ملاقاتوں کے ضمن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “ہمیں کسی ثالثی کی ضرورت نہیں… وہ (ماكروں) میرے دوست ہیں لیکن ہمیں کسی وساطت کار کی تلاش نہیں”۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ ان کے ایجنڈے میں رواں ہفتے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات شامل نہیں۔ تاہم انہوں نے نیویارک میں ایرانی صدر سے ملاقات کو خارج از امکان نہیں قرار دیا۔
اس سے قبل پیر کو ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ منگل کے روز جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران ایران کے بارے میں بات کریں گے۔
ٹرمپ نے سنگارپور کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا کہ امریکی پابندیوں کی مہم کے نتیجے میں ایران کو اس سے پہلے کبھی اتنے شدید دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔













