پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ کادن تبدیل کردیا گیا ہے، اب یہ میچ اتوار کی بجائے پیر کو کھیلا جائے گا۔

اتوار کے لیے خریدے گئے ٹکٹس پیر کو استعمال کئے جاسکیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 29 ستمبر اتوار کوشیڈول تھا، لیکن متوقع بارش اور گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث اب یہ میچ پیر 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان کراچی میں ہونے والا پہلا ون ڈے بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کی سبب منسوخ کردیا گیا ہے، یہ کراچی کی تاریخ میں بارش کے سبب منسوخ ہونے والا پہلا ایک روزہ میچ تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے شائقین کرکٹ اتوار کے لیے خریدے گئے ٹکٹوں کو پیر کے میچ میں استعمال کرسکتے ہیں جبکہ ری فنڈ پالیسی کے تحت جمعہ کے میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹوں کے پیسے واپس کردیے جائیں گے یا پھر شائقین چاہیں تو اسے دوسرے یا تیسرے ون ڈے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کےلیے دونوں ٹیمیں وقت پر گراؤنڈ پہنچیں لیکن ٹیموں کی آمد کے پندرہ منٹ بعد ہی گہرے سیاہ بادلوں نے اسٹیڈیم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو دوپہر تک جاری رہا۔

بارش کی وجہ سے ڈھائی بجے شیڈول ٹاس پہلے تاخیر کا شکار ہوا اور دو گھنٹے انتظار کے بعد جب گراؤنڈ اسٹاف کی محنت کا کوئی تیجہ نہیں نکل سکا تو آفیشلز نے میچ کے خاتمے کا اعلان کردیا۔

بارش کی وجہ سے اسٹیڈیم میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا تھا جبکہ باؤنڈری لائن کے ساتھ کا ایریا تالاب کا سا منظر پیش کررہا تھا۔

ایک موقع پر گراؤنڈ اسٹاف نے 20، 20 اوورز کا میچ کرانے کی ہمت پکڑی تھی لیکن مسلسل بارش کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں رہا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ نیشنل اسٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند پھینکے بغیر منسوخ ہونے والا پہلا میچ ہوگیا۔

اس سے قبل نیشنل اسٹیدیم میں تین ایک روزہ میچز منسوخ ہو چکے ہیں، پہلا میچ 1982ء میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ عوام کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے منسوخ ہوا۔

دوسرا میچ بھی آسٹریلیا کے خلاف 1988ء میں ہنگامہ آرائی کے باعث منسوخ ہوا جب کہ تیسرا میچ بھارت کے خلاف 1989ء میں منسوخ کیا گیا۔

اس کے علاوہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز 1984ء اور 2002ء میں منسوخ ہو چکے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY