بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرز فخر امام اور اما الحق نے 73رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کو پہلا نقصان امام الحق کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 31 رنز کی اننگز کھیل کر ونندو ہسارانگا ڈی سلوا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم نے فخرزمان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 31 رنز جوڑے، لیکن جب مجموعی اسکور 104 رنز پر پہنچا تو 54 رنز بناکر ونندو ہسارانگا ڈی سلواکی گیند ایسورواُدانا کو کیچ دے بیٹھے۔
بابر اعظم اور حارث سہیل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیز رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 111رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعی اسکور 215 تک پہنچادیا۔
اس موقع پر حارث سہیل 40 کے انفرادی اسکور پر رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔
اس دوران بابر اعظم نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 11ویں سنچری مکمل کی۔
کپتان سرفراز احمد زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 8 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔
ابھی اسکور میں 19 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ ان فارم بیٹسمین بابر اعظم 105 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
بابر اعظم کی اننگز میں چار چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔
افتخار احمد نے 20 گیندوں پر ناقابل شکست 32 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم 12 اور وہاب ریاض 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارانگا ڈی سلوا نے دو جبکہ ایسورو اُدانا اور لہیرو کمارا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے ساتھ ہی دس سال بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحال ہوگئی۔
وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمدکی قیادت میں پاکستان ٹیم فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، عماد وسیم ، وہاب ریاض، شاداب خان، افتخار احمد، محمد عامر اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے 7 سے 8 کھلاڑی پہلی بار ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کے سامنے ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں تجربہ کم ہے لیکن ٹیم نے میچ کے لیے پھربور تیاری کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا جس کے بعد موسم اور گراؤنڈ کی کنڈیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی تھی اور دوسرا ون ڈے 29 کے بجائے 30 ستمبر کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ تیسرا ون ڈے 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔












