ارشد ملک ویڈیو کیس کی سماعت سے انکار کرنے والی سول جج شائستہ کنڈی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ انہیں ملزمان کی سفارش کے لیے اپروچ کیا گیا تھا جس پر سماعت سے معذرت کی۔
جج کی مبینہ ویڈیو، نیا تنازع، نوازشریف کو سزا بلیک میل ہوکر دی،متعلقہ جج کے حوالے سے مریم نواز کا دعویٰ
چیف جسٹس نے جج شائستہ کنڈی کے کنڈکٹ پر تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے جج ویڈیو کیس کی سماعت کرنے والی سول جج شائستہ کنڈی کو تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کر کے ان کے کنڈکٹ کی تعریف کی ہے۔
سول جج نے سفارش کے لیے اپروچ کرنے پر کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے چیف جسٹس کو تمام صورتِ حال سے آگاہ کیا تھا۔
ایف آئی اے نے جج ویڈیو کیس میں گرفتار 3 ملزمان ناصر جنجوعہ، غلام جیلانی اور خرم شہزاد یوسف کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر 7ستمبر کو عدالت میں پیش کیا تو جج نے کیس سننے سے معذرت کر لی تھی۔
ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد کی عدالت میں پیش کیا گیا تو ایف آئی اے نے ملزمان کو تفتیش میں کلیئر کرتے ہوئے انہیں کیس سے ڈسچارج کرنے کی سفارش کی اور پراسیکیوٹر نے تفتیشی افسر کی تائید کی جس پر ملزمان کو اسی روز کیس سے ڈسچارج کر دیا گیا۔












