وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں آٹے کی قیمت ہر صورت برقرار رکھنے اور آئندہ 4سال میں ڈینگی کے خاتمے کےلیے اقدامات کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں ای کامرس اور بیرون ملک یونیورسٹیز میں قائداعظم چیئر کے قیام کی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق بریفننگ دی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کشمیر مشن کامیاب رہا،انہوں نے دورہ امریکا کے حوالے سے اپنے تمام اہداف حاصل کیے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ای کامرس پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے ’ای شاپنگ‘ کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر ای گیٹ وے اور ای بلنگ سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان، ترکی اور ملائیشیا مل کر ایک جدید ٹی وی چینل بنائیں گے، جس کے ذریعے اسلام مخالف پروپیگنڈے کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اسلامک چینل اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرے گا، اس چینل کے ذریعے تینوں ممالک کی حکومتوں کی پالیسیاں، سروس ڈیلوری پروگرامز، عوامی مفادات میں اٹھائے گئے اقدامات سامنے لائے جائیں گے اور دنیا بھر کو اسلامی تاریخ اور ہیروز سے متعلق بتایا جائے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کابینہ کے اجلاس میں لیے گئے فیصلے اور منظوری سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں اور وزارت فوڈ سیکیورٹی کو ہدایت جاری کی کہ کسی بھی صورت میں آٹے کی قیمتیں نہیں بڑھنی چاہئیں، گندم کی قلت نہیں ہونی چاہیے اور موجودہ اسٹاک کو ریلیز کرنے کے لیے وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر میکانزم بنائے۔

ڈاکٹر فردوس اعوان نے مزید کہا کہ ڈینگی کی وبا نے پورے ملک کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے، وزیر اعظم کو چاروں صوبوں میں ڈینگی کے شکار افراد سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے گئے اور اس سے جڑے چیلنجز سے متعلق بتایا گیا، عمران خان نے صوبائی حکومتوں کو فی الفور وہ تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے میں مدد کرنے کی ہدایت کی جس سے اس مرض کا تدارک کیا جاسکے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے وزارت تجارت کی تجویز کردہ ’پاکستان حلال فوڈ اتھارٹی‘ کے قیام کے حوالے سے تمام متعلقہ وزارتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط کے لیے ایک بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں عمران خان کو پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک 11 لاکھ 73 ہزار سے زائد شہری اس میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، 12 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 10 لاکھ 57 ہزار سے زائد کا ازالہ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہر وزارت کو یہ ہدایت جاری کی ہے کہ وہ عوامی مفادات سے متعلق وہ پالیسیاں جن کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچتا ہو، ان کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کریں اور لوگوں کو ان کے حقوق کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیو یارک سے واپسی پر وزیر اعظم کے طیارے میں فنی خرابی اتفاقی تھی اور ہم نہیں سمجھتے کہ اس میں کوئی سازش شامل تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY