ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فیصلے کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لے رہا ہے، قانونی مشاورت کے بعد مزید کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق دس لاکھ پاؤنڈ ملکیت کے کیس میں برطانوی عدالت نے نظام آف حیدر آباد کے ورثا کا دعویٰ تسلیم کر لیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فیصلے میں ریاست پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو نظر انداز کیا گیا، تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برطانوی عدالت نے نظام آف حیدر آباد فنڈز کیس میں دو مرکزی فریقین کا دیرینہ دعویٰ مسترد کیا۔ بھارت نے ریاست حیدر آباد پر عالمی قوانین اور سماجی اقدار سے ہٹ کر قبضہ کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نظام حیدر آباد نے بھارتی قبضے کیخلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بھی رجوع کیا تھا۔ سلامتی کونسل میں یہ مسئلہ آج تک زیر التوا ہے۔
ترجمان دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نظام حیدر آباد نے حکومت پاکستان سے رجوع کرکے مدد مانگی تھی، جو دی گئی۔ پاکستان فیصلے کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ قانونی مشاور کے بعد مزید کوئی قدم اٹھائے گا۔













