جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اگر آئین اور اسکی اسلامی شقوں کے تحفظ کی جنگ لڑنا مذہبی کارڈ ہے تو آئین کے تحفظ کی جنگ ہم ضرور لڑینگے۔ مدارسِ کو کسی کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔ 27 اکتوبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد روانہ ہونگے ۔
پشاور میں جے یو آئی کے زیر اہتمام آزادی مارچ کے حوالے سے منعقدہ کنونشن سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کی معیشت کی کشتی ہچکولے کھارہی ہے۔ نااہل حکمران بیرونی قوتوں کے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہیں۔
فضل الرحمن نےکہاکہ کشمیر کی جنگ ہم لڑ رہے ہیں جبکہ حکمران کشمیر پر سودے بازی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دینی مدارسِ نے ہمیشہ جاندار کردار ادا کیا ہے۔ مدارسِ کو قومی دھارے میں لانے والے خود اسلامی دھارے میں آجائیں۔ ہم مدارسِ کے دفاع کی جنگ لڑرہے ہیں ۔
سربراہ جے یوآئی ف نے کہا کہ 27 اکتوبر کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد روانہ ہونگے ۔ جے یو آئی نے مختلف پلان تیار کئے ہیں حکمت عملی طے کرنے کے بعد موقع پر اعلان کرینگے ۔ اگر اسلام آباد جانے سے روکا گیا تو پورا ملک جام کرکے رکھ دینگے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گرفتاریاں ہوئیں تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔











