عراقی صدر برھم صالح نے ملکی سکیورٹی دستوں کی طرف سے حکومت مخالف مظاہرین پر فائرنگ کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ٹیلی وژن پر قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ عراقی فوج اور پولیس دونوں کو ہی تمام عراقیوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہو گا۔
صدر صالح نے قومی پارلیمان سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ ملک میں قانونی اصلاحات، خاص کر انتخابی قوانین میں ترامیم کی راہ ہموار کرے۔ عراق میں گزشتہ ہفتے شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک سو سے زائد مظاہرین اور سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ عوامی مظاہرے ملک میں بے تحاشا بے روزگاری، کرپشن اور بجلی اور پانی کی فراہمی کی انتہائی خراب صورت حال کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔












