لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینی عسکری رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے باوجود ان کی مزاحمت ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق حزب اللہ نے جمعے کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں عسکری تنظیم نے اسرائیل کے خلاف کشیدگی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیل نے جمعرات کو غزہ میں ایک فوجی کارروائی کے دوان حماس کے رہنما یحیٰ سنوار کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اس ضمن میں ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔ تاہم حماس نے اسرائیلی دعوے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کارروائی میں مارے جانے والے یحیٰ سنوار ہی تھے۔
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے جمعے کو جاری ایک بیان میں اسرائیل کے خلاف کشیدگی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔













