وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح معاشی نظام کو مستحکم بنیادوں پر چلانا ہے جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اپنی بنی گالہ رہائش گاہ میں معاشی ٹیم کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء مخدوم خسرو بختیار ، عمر ایوب، حماد اظہر اور محمد میاں سومرو، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، یوسف بیگ مرزا، شوکت ترین، چیرمین ایف بی آر شبر زیدی، چیرمین سرمایہ کاری بورڈ، چیرمین این ڈی ایم اے اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں (ایس ایم ایز) کے فروغ، بیمار صنعتوں کی بحالی اور تعمیرات سیکٹر کو مراعات فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی-

بیمار صنعتوں کی بحالی کے حوالے سے وزیر اعظم کوآگاہ کیا گیاکہ کل 687 ایسے یونٹس ہیں جن کو فوری طور پر بحال کرنے کے لئےاقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پبلک پرا ئیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان یونٹس کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ 60 دن کے اندر ایک مفصل منصوبہ بندی کے تحت ان یونٹس کو بحال کرنے کے لیے جن قوانین اور انتظامی اصلاحات کی ضرورت ہے، ان کو مکمل کیا جائے۔

چھوٹے اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ ایس ایم ایز میں اس وقت سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی کمی، ہنر مند افراد کی کمی، قوانین میں تبدیلی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی ترقی کی اتھارٹی (سمیڈا) میں اصلاحات، ریسرچ کا فقدان جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY