جاپان میں انتہائی طاقت ور سمندری طوفان ہاگیبیس کے بعد شمالی اور وسطی علاقوں میں ہونے والی ہلاکتیں چھیاسٹھ تک پہنچ گئی ہیں۔ ان ہلاکتوں کے علاوہ دو سو سے زائد افراد زخمی ہیں۔ طوفان میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش بھی ابھی جاری ہے۔
ٹوکیو حکومت متاثرہ افراد کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے خصوصی بجٹ مختص کرنے پر غور کر رہی ہے۔ سمندری طوفان کے ساتھ آنے والی بارشوں سے وسطی اور شمالی جاپان کے قریب دو سو دریاؤں میں طغیانی پیدا ہے۔ ابھی تک چونتیس ہزار مکانات بجلی کے بغير ہیں۔ ایک لاکھ تینتیس ہزار مکانوں کے لیے صاف پانی کی سپلائی بھی منقطع ہے۔ دوسری جانب دارالحکومت ٹوکیو میں کاروباری سرگرمیاں معمول پر آنا شروع ہو گئی ہیں۔












