برطانیہ میں رواں ہفتے ٹرک کے کنٹینر سے ملنے والی 39 لاشوں کے معاملے پر جن تین افراد کو پوچھ گچھ کیلئے گرفتار کیا گیا تھا انھیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
تاہم ٹرک کا ڈرائیور اور شمالی آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص ابھی زیر حراست ہیں۔ ضمانت پر رہا کئے گئے افراد کو واقعے کے دو روز بعد 25 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ٹرک کے ڈرائیور کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ گزشتہ روز اس سلسلے میں ڈبلن سے شمالی آئرلینڈ کے ایک اور شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ٹرک کنٹینر سے ملنے والی لاشوں سے متعلق ابتدا میں چین کے باشندوں کی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا لیکن اب اطلاعات ہیں کہ یہ لاشیں ویت نام کے شہریوں کی بھی ہوسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز قبل ایسکس میں ایک ٹرالر پر موجود کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں بر آمد ہوئی تھیں۔
برطانوی وقت کے مطابق دن 1بج کر 40منٹ پر ایمبولینس سروس نے پولیس کو لاشوں کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہلاک افراد میں ایک نوعمر لڑکا جبکہ 38 بالغ افراد شامل تھے۔












