بلوچستان میں کورونا وائرس کے 58 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 92 ہوگئی، حکومت بلوچستان نے صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی جبکہ شیخ زاید اسپتال کوئٹہ کو کورونا وائرس اسپتال قرار دے دیا گیا۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تصدیق کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی کے قرنطینہ مرکز میں ٹھہرائے گئے افراد میں ہوئی ہے، وائرس سے متاثرہ مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے، نئے مریضوں میں تمام زائرین ہیں۔

صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں کورونا وائرس کی وباکی روک تھام کیلئے ویسٹ پاکستان اپیڈمک ڈیزیز ایکٹ 1958 کے تحت تا حکم ثانی ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

محکمہ صحت کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حکومت بلوچستان نے شیخ زاید اسپتال کوئٹہ کو کورونا وائرس اسپتال قرار دے دیا ہے، اسپتال میں صرف کورونا کے تصدیق شدہ اور مشتبہ مریضوں کا علاج ہوگا۔

سندھ حکومت کی جانب سے کوروناوائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی پر کراچی پولیس نے عمل درآمد شروع کردیا، سندھ اور بلوچستان کے سنگم پر حب ندی پل رینجرز چوکی کے قریب حب لسبیلہ اور اندرون بلوچستان سے آنے والے مسافر کوچز اور بسوں کو پولیس روک کر واپس کیا جارہا ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY