سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو 2 ماہ میں سرکاری گھر غیر قانونی مکینوں سے خالی کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے غیر قانونی الاٹمنٹ منسوخ کرنے اور میرٹ پر الاٹمنٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔
سپریم کورٹ میں سرکاری گھروں کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا سندھ کے 229 سرکاری گھروں پر غیر قانونی قبضہ ہے، کورونا کی وجہ سے کارروائی روک دی تھی۔
وکیل سی ڈی اے نے کہا آئی جی اسلام آباد کا گھر بھی غیر قانونی طور پر الاٹ ہوا، اسلام آباد پولیس ہمارے 200 کوارٹرز پر قابض ہے، مذاکرات ہوئے لیکن پولیس قبضہ چھوڑنے کو تیار نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا آئندہ سماعت پر اسلام آباد پولیس کا معاملہ بھی دیکھیں گے۔
سپریم کورٹ نے سندھ حکومت سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 2 ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔












