دسمبر 21میری والدہ کی برسی کی تاریخ ہے،صفدر ھمدانی

0
937

اکیس دسمبر میری جنت مکانی والدہ ذکیہ خانم بنت مہدی حسین
کی برسی ہے
التماس سورہ فاتحہ
باپ مر جائے تو چھت چلی جاتی ہے ماں مر جائے تو در دعا بند ہو جاتا ہے اور خاندان بکھر جاتے ہیں۔۔۔۔۔
میں تو اپنی جنت مکانی ماں کو روز یاد کرتا.ہر سانس کے ساتھ اسکا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنی سانسیں دیکر میری سانسوں کو سلامت رکھا. خود آدھی روٹی کھائی اور ہمیں گھی سے چُپڑی ہوئی کھلائی. جب ہم سب کھانا کھا چکے تو اُس نے کھایا. وہ ہم سب کو سُلا کر سوئی اور ہمارے جاگنے سے پہلے جاگی.
ماں تو آیتِ محبت ہے،ماں تو حدیث قدسی کا سرنامہ ہے،ماں تو خُدا کی محبت کی آخری حد ہے اسی لیئے تو وہ 70 ماؤں کی محبت کا امین ہے،ماں تو شدید دھوپ میں محبت کا سائبان ہے.
یہ ضروری تو نہیں کہ ماں کی یاد اس کے جانے کے بعد ہی آئے.ضروری تو یہ ہے کہ اسے اسکی زندگی میں ہی ہر سانس کے ساتھ خراج محبت و عقیدت پیش کیا جائے. اسے اس فخر کا روزانہ احساس دلوایا جائے کہ وہ ماں ہے. ماں جو خدا کے بعد دوسرا سب سے بڑا اور سب سے باعزت لفظ ہے.وہ لفظ جو دنیا بھر میں ہر بچہ اپنی زبان سے سب سے پہلے ادا کرتا ہے کہ زبان پاک ہو جائے
.
میری جنت مکانی ماں کسی یونیورسٹی یا کالج کی ڈگری ہولڈر نہیں تھی لیکن کسی کم وکاست کے بغیر کہہ سکتا ہوں کہ اسکی ذہنی وسعت اور علمی استعداد وصلاحیت کسی ڈبل پی ایچ ڈی سے کم نہیں تھی. فارسی کی موٹی موٹی کتابیں اور دین و فلسفے کی کتابیں وہ رات کے اُس پہر میں پڑھا کرتی تھیں جب سارے بچوں کو سلوا لیتی تھیں.صبح ہم سب بچوں کے اٹھنے سے پہلے فجر کی نماز کے بعد جب وہ اپنی مترنم اور شیریں آواز میں یہ مناجات پڑھتی تھیں تو گھر کے سامنے لگے درخت کے پرندے بھی خاموشی سے سنتے تھے.
”ساماں شتاب کر دے مرے دل کے چین کا
.پروردگار واسطہ خونِ حسین کا.
میری لکھی ہوئی ایک نعت کے ایک شعر کو دنیا بھر میں بڑی مقبولیت ملی ہے اور اسکی وجہ بھی ماں ہی ہے.
یا نبی کہتی تھی ماں فجر میں جب پڑھ کے درود
شکمِ مادر میں بھی تب میں نے محمد لکھا !!
سچ پوچھیں تو زمین پر خدا کی محبت کا چلتا پھرتا روپ ماں ہی تو ہے
صفدر ھمدانی

SHARE

LEAVE A REPLY