پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کےمعاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

0
1170

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے، وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبکستان کے صدر نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کردیے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے29 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔

تقریب میں دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ کے درمیان تعاون بڑھانے کےلیے مفاہمتی یادداشت کی دستاویزکا تبادلہ ہوا، ترجیحی تجارت کے معاہدے کے تحت اشیاء کی فہرست میں توسیع کے پروٹوکول کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔

دونوں ملکوں کے درمیان انٹر ریجنل فورم کے قیام کا بھی معاہدہ ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے لیے ایکشن پلان کی دستاویز بھی طے پاگئی، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا، غذائی تحفظ کے شعبے میں معاہدہ اور زرعی تحقیق میں تعاون کےلیے مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔

نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ روکنے کےلیے دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ
دونوں ملکوں نے پلانٹ پروٹیکشن کے شعبے میں تعاون کے پروٹوکول پر بھی اتفاق کیا،کھیل کے شعبے میں تعاون بڑھانے کےلیے بھی مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا، نشہ آور ادویات کی اسمگلنگ روکنے کےلیے دونوں ملکوں کے درمیان معاہدہ ہوا، دونوں ملکوں میں کان کنی اور جیو سائنسز کے شعبے میں تعاون بڑھانےکے لیے دستاویز کا تبادلہ ہوا۔

دونوں ملکوں کے درمیان سزایافتہ افراد کےتبادلے کےلیے معاہدے کی دستاویز کا تبادلہ ہوا، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا، دونوں ممالک میں سائنس، تعلیم اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور تحقیق کے شعبے میں معاہدہ طے پاگیا۔

دونوں ملکوں کا درمیانے اور چھوٹے کاروبار کی ترقی کیلئے ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ
تقریب میں میری ٹائم شعبے میں تعاون اور تجارت میں سہولت کےلیے بھی مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا، ادویہ سازی کے شعبے میں تعاون کےلیے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی دستاویز کا تبادلہ ہوا، ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون بڑھانے کےلیے بھی معاہدہ ہوا، دونوں ملکوں کا درمیانے اور چھوٹے کاروبار کی ترقی کےلیے ایم او یو کی دستاویز کا تبادلہ ہوا، ثقافتی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کےلیے معاہدے کی دستاویز کا تبادلہ ہوا۔

دو طرفہ قریبی تعلقات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ازبک صدر شوکت مرزایوف کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ مستحکم ہوئے ہیں، وزیر اعظم
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ازبک صدر اور ان کے وفد کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہے، پروفیسر اور ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری پر صدر شوکت مرزایوف کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، سب سے بڑا سول اعزاز نشان پاکستان ملنے پر بھی ازبک صدرکو مبارک باد دیتا ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کےلیے مہمان صدر کے کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مستحکم ہوئے ہیں، تاریخی حقائق ہمارے قریبی تعلقات اور شاندار مستقبل کے عکاس ہیں، ہم نے اعلیٰ سطح تزویراتی تعاون کونسل کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی، علاقائی روابط کے فروغ سے متعلق مکمل تعاون کےلیے پرعزم ہیں۔

پاکستان ہمارا قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہے، ازبک صدر
اپنے خطاب میں ازبک صدر کا کہنا تھا کہ بھر پور استقبال اور شاندار میزبانی پر وزیر اعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں، آج کا دن میرے لیے بہت یادگار ہے، ڈاکٹریٹ کی ڈگری اور پروفیسر شپ ملنا میرے لیےاعزاز ہے، جس طرح سے میری اور میرے وفد کی شاندار میزبانی ہوئی اس کو بیان نہیں کر سکتا۔

ازبک صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا، تجارت ، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سمیت تما م شعبوں پر گفتگو ہوئی، پاکستان ہمارا قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام اور ترقی کے لیے کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

ازبک صدر کے خطاب کے بعد اسلام آباد میں ایک سڑک کو تاشقندکے نام سے موسوم کرنے اور ایک پارک کو مغل بادشاہ ظہیرالدین بابر کے نام سے منسوب کرنےکی تقریب منعقد ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس فیصلےکو دونوں ممالک کے درمیان قریبی تاریخی اور ثقافتی روابط کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام ازبکستان اور پاکستان کے درمیان کثیرالجہتی تزویراتی شراکت داری کی سطح کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

ازبک صدر کا گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ
اس سے قبل ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے اعلیٰ وزارتی وفد کے ہمراہ گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کا دورہ کیا جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر ازبکستان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر ازبکستان کو جدید دفاعی نظام،صنعتی صلاحیتوں اورتکنیکی شعبوں پربریفنگ دی گئی۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کےمعاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
فوٹو: آئی ایس پی آر
ازبک وفد نے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کی اہم تنصیبات کا معائنہ کیا، وفد نے پاکستان میں تیار کیے جانے والے جدید دفاعی آلات کا مشاہدہ کیا، وفد نے دفاعی پیداوار اور صنعتی ترقی میں پاکستان کی مہارت کو سراہا۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کےمعاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاع، ٹیکنالوجی اورصنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا، دونوں ممالک نے شراکت داری، علم کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا، دورہ پاکستان اورازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام اورمختلف شعبوں میں تعاون کی اہم پیشرفت ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY