قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور حملے کا ذمہ دار ایک نیا گروپ ہے، جو پاکستان تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) سے ہی تعلق رکھتا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر نے ڈان کو بتایا ہے کہ لاہور میں ارفا کریم آئی ٹی ٹاور کے قریب ہونے والا بم دھماکا طالبان اسپیشل گروپ (ٹی ایس جی) کی جانب سے کیا گیا ہے، جن کے پاس اعلیٰ ٹریننگ یافتہ خود کش بمبار (فدائین) موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری ٹی ٹی پی سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ جماعت الحرار نے کی۔
مذکورہ گروپ کی جانب سے متعدد شہریوں، اقلیتی مذہبی مقامات، فوجی اہلکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے پر گذشتہ سال امریکا نے جماعت الحرار کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کردیا تھا۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ابھرتے ہوئے ٹی ایس جی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تشویش پیدا کردی ہے، جسے وہ ایک نئے چلینج کے طور پر دیکھ رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایس جی کمانڈوز کو بڑے اور مہلک حملوں کے لیے تربیت دی گئی ہے۔
اس سے قبل سامنے آنے والے رپورٹ کے متصادم پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل کے ذریعے سے نہیں کیا گیا، پولیس افسر نے زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے میں تباہ ہونے والی تمام موٹر سائیکلوں کے رجسٹریشن کی جانچ کی، جس سے معلوم ہوا کہ وہ متاثرہ افراد کی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ خود کش حملہ آور کو اس کے سہولت کار مذکورہ مقام پر کسی رکشہ یا دیگر گاڑی پر لے کر آئے ہوں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ حملے کے وقت دھماکے کے مقام سے قریب موجود ایک سی سی ٹی وی کیمرہ کام نہیں کررہا تھا جس کی وجہ سے خود کش بمبار کے سہولت کاروں کی نشاندہی ممکن نہیں تاہم خود کش بمبار کے اعضا کو فرانزک کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پیر کو ہونے والے خود کش دھماکے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، واقعے میں 54 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
جناح ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر سہیل ثقلین نے ڈان کو بتایا کہ 23 مقتولین کا پوسٹ مارٹم ہوچکا ہے تاہم دیگر 3 افراد کا پوسٹ مارٹم ان کی شناخت نہ ہونے کی وجہ سے نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے لاہور حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو فی کس 10 لاکھ روپے اور معمولی زخمی ہونے والوں کو فی کس 3 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
Dawn












