گزشتہ مضمون میں ہم نے بات یہاں پر ختم کی تھی کہ اگر یہاں اپنی جگہ دلوں میں بنانا ہے تو آپ بطور رضاکار کام کرنا شروع کردیں اورخصوصاً بزرگوں کے اداروں میں ، جو انسانوں سے بات کرنے کو ترستے ہیں ؟ہم ان کی نقل میں ،ولنٹائن ڈے، فادرز ڈے مدرز ڈے تو اب منانے لگے ہیں۔ مگران کا پسِ منظر کبھی جاننے کی کوشش نہیں کی کہ معاملہ کیا ہے، بالکل اسی طرح جس طرح کہ ہم نے عربی سیکھنے کوشش یہ کہہ ترک کردی کہ “ پڑھو فارسی اور بیچو تیل لیلو عربی ا ور ہوجا ؤفیل“ نتیجہ ہو اکہ ہم جو دعا اللہ کے سامنے اپنی حاجت روائی کے لیے مانگتے ہیں ان میں جو عربی میں دعا ئے مسنونہ کے الفاظ استعمال کرتے ہیں ان کے معنی ہی نہیں جانتے کہ ہم مانگ کیا رہے ہیں ۔ جبکہ حکم یہ ہے کہ جب دعامانگو گڑگڑاتے ہوئے انکساری کے ساتھ مانگو؟ جب آپ یہ سمجھ ہی نہیں رہے ہیں کہ کیا کہہ رہے ہیں تو رقت کیسے طاری ہوگی؟ جبکہ قبولیت دعا کے لیے چند شرائط ہیں جس کے بغیر دعا قبول نہیں ہوتی ہے۔ ان میں شرط ِ اول تو اکل حلال (حلال کھانا) ہے اس کے بعد صدق مقال (سچ بولنا) ہے پھر رب کے سامنے گڑگرانا ہے۔ جبکہ مسلمان ملکوں میں“ فضل ِ ربی “کادور دورہ ہے۔ جس کی وجہ سے نہ آپکی خیرات نہ زکات قبول ہے نہ کوئی نیکی قبول ہے ۔ اس پر طرہ یہ کہ مانگنے والا درخواست کے مضمون سے ہی واقف نہیں ہے۔ جو کثر رہ گئی تھی وہ انگریزی سوسائٹی کو فروغ دینے کے لیے اس اردو زبان کو پاکستان میں تقریبا“ ختم کردیا جس کا گڑھ ہندوستان تھا ۔ چونکہ وہ اب تین حصوں میں تقسیم ہوگیا ہے، جبکہ ا سوقت اردوکی ہم نے لی تھی اور دین کا حصہ ظاہر کیا تھا لہذا بقیہ ہندوستان سے تو اسے دیش نکالا ملنا ہی تھا۔ مگرجنہوں نے اس پر اپنی اجارہ داری ظاہر کی تھی وہ بھی اسلام کی طرح اسے بھی بھول گئے جس میں فارسی کے بعد سب سے زیادہ اسلامی تعلیمات کا ذخیرہ ترجموں کی شکل میں ہماری رہنمائی کے موجود تھا، اور ہم اس سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔لہذا نئی نسل ا ردو کے ذریعہ دین میں جو شد بدھ حاصل کر لیتی تھی وہ اس سے بھی گئی ۔ اب ہم “عبادت“ صرف نماز ، روزہ ، زکات اور حج کو سمجھتے ہیں ۔ نتیجہ یہ ہےکہ ہم اسلام میں “حقوق العباد“ کے مقام کو ہی نہیں جانتے جو کہ اسلام کا اصل مقصد ہے جبکہ اللہ تو بے نیاز ہے اور عبادت کے ذریعہ جو تربیت جاتی ہے وہ کثیر مقاصد ہے اس میں ہر قسم کی برداشت، جذبہ ایثار غرضکہ وہ سب کچھ ہے جو لوگوں کو زندہ رہنے کے لیے ضروری ہے ۔ اس کو حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے صرف ایک جملہ میں بیان فرمادیا ہے ۔ کہ کسی نے ان سے پوچھا کہ اگر ہم آخرت پر یقین نہ رکھیں اور یہاں دین پر عمل نہ کریں تو کیا حرج ہے؟ فرمایا کہ“ پھر نہ تیری خیر ہے نہ میری خیر ہے “ اور آج وہی عالم ہے ہر ایک کا حق مارنا ہمارا معمول بن گیا ہے۔ جبکہ رضاکارنہ طور پر کام تو ہمارے نزدیک ثواب ہی نہیں ہے۔ ہم اس طرف جاتے ہی نہیں ہیں جس پر ہادی اسلام نے (ص) اپنی عمرِ مبارکہ کا دو تہائی حصہ صرف کیا۔ جس کی وجہ سے وہ ایسے صادق اور امین بنے کہ دشمن بھی اس سے انکار نہ کرسکے۔ اور ہر کمزور کی مدد کرنا ان کا عمر بھرشیوہ رہا۔ اسلام کا مزاج تو یہ ہے کہ راستے کے کانٹے چن لینا عبادت ،راہ کا پتھر ہٹاادینا عبادت ہے۔ مختصر یہ کہ ایمان لا نے کے بعد ہر جائز فعل جو اللہ اور رسول(ص) کے بتا ئے ہوئے طریقہ سے کیا جا ئے وہ عبادت ہے۔ بات پہلے نفس سے شروع ہوتی ہے کہ وہ اللہ کی ہمارے پاس امانت ہے۔ لہذا اپناکھانا پینا بھی عبادت ہے ، بیوی کے منھ میں نوالہ دینا عبادت ہے بچوں کی پرورش تعلیم اور انکو کھلانا پلانا عبدت ہے والدین کی خدمت کرنابہت بڑی عبادت ہے۔ پھر اسلام اجتماعیت کی طرف آتا ہے ۔اور وہ ہمسایہ سے شروع ہوتی ہے۔ جس سے کوئی رشتہ ہو نا شرط نہیں ہے، اگر ہو تو ثواب دہرا ہے کہ اس سلسلہ میں صلہ رحمی افضل ہے۔ اور حدیث ہے کہ “صلہ رحمی سے عمر بڑھتی ہے“ اس بعد قوم ہے ملک سے بھلائی ہے اور پوری انسانیت سے بھلائی ہے، اس کے بعد دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوتا چلاجاتا ہے؟ جس کو فارسی کےایک محاورے میں بخوبی بیان کیا گیا ہے۔ “ہرکہ خدمت کرد مخدوم شد“ یعنی جو خدمت کرتا ہے وہ مخدوم ہو جاتا ہے۔یہ اور بات ہے کہ ہمارے ہاں آجکل مخدوم پیدائشی ہوتے ہیں وہ خدمت کراتے ہیں کرتے نہیں؟(باقی آ ئندہ)













