انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

0
897

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم کو طلبی کا سمن جاری کر دیا ہے۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے  جمعہ 10 فروری کو کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان اور پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان زخمی ہیں جس کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔

عمران خان کے وکیل نے طبی بنیادوں پر اپنے مؤکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی کی جس پر عدالت نے کہا کہ عمران خان کی زمان پارک سے ایک ویڈیو جاری ہوئی جس میں وہ پیدل چلتے نظر آئے۔

عدالت نے بابر اعوان سے مکالمہ کیا کہ آپ چیئرمین پی ٹی آئی کی مستقل ضمانت پر دلائل دیں، وہ 15 فروری کو آئیں یا نہ آئیں ہم ضمانت پر فیصلہ دے دیں گے۔

عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 15 فروری کو طلبی کے سمن جاری کر دیئے۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY