ڈاکٹر نگہت نسیم تمہیں‌کینسر ہے ! قسط نمبر 59

1
1751

کبھی کبھی یقین نہیں ہوتا ہماری قسمت کیسے ہمارے ہاتھوں سے نکل کر دوسروں کے ہاتھ آ جاتی ہے ۔۔۔۔ مرنا برحق ہے لیکن اپنی غلطیوں کی وجہ سے بے خبر مرنا کسی حد تک خود کُشی ہے ۔ میں اپنے مریضوں سے بھی یہی کہتی تھی کہ ہم اپنی زندگی کے ماہ و سال کو بظاہر نہیں بڑھا سکتے لیکن اپنے معیار زندگی کو بلند کر کے اپنے انہیں ماہ و سال میں برکت ڈال سکتے ہیں ۔ برکتیں ایک فیصد سے لامتناہی بھی ہو سکتی ہیں ۔
یہ کیسی امید تھی جو مجھے جگائے جا رہی تھی ۔۔ مجھے اپنے بچے ہوئے ماہ و سال کو برکتوں سے بڑھانا ہے ۔۔۔ میڈیٹیشن کا سحر طاری ہو رہا تھا ۔۔جانے کس پہر آنکھ لگی پر صبح ہی صبح کھل گئی تھی ۔

آج 15 جون ہے ۔۔ یوں جیسے امتحان کے بعد رزلٹ کا دن تھا۔ آفتاب اور آمنہ اضطراب میں تھے اور میں سمجھ سکتی تھی کہ انہیں کن اندیشوں نے گھیر رکھا ہے ۔۔ لیکن میں قدرے کم پریشان تھی ۔۔وجہ اس کی یہ تھی کہ میں نے سوچ لیا تھا زیادہ سے زیادہ کیا ہو سکتا تھا ۔۔طریقہ علاج کو سمجھ لیا تھا ۔۔ میرے اندر جیسے سب کچھ طے ہو چکا تھا ۔۔اب بس مجھے عمل کرنا تھا ۔ ۔۔ ڈاکٹر برلنگ سے اپوائینٹمنٹ دوپہر ایک بجے کی تھی اور ہم ساڑھے گیارہ بجے گھر سے نکل چکے تھے ۔۔ممکنہ ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل ہر جگہ ہی تھے سو وہ آج بھی جوں کے توں تھے ۔۔اور جب ہم ویسٹ میڈ ہوسپٹل میں داخل ہوئے تو ساڑھے بارہ بج رہے تھے تھے ۔

اب ہم انتظار گاہ میں بیٹھے تھے ۔۔ 16 مئی کو اپنی جی پی ڈاکٹر مدحت سید کا انتظار ۔۔23 مئی کو ڈاکٹر رابعہ شیخ کا انتظار ۔۔ 25 مئی کو بائیوپسی ہونے کا انتظار ۔۔ 30 مئی کو بائیوپسی کی رپورٹ کا انتظار ۔۔ یکم جون کو ڈاکٹر مائیکل برلنگ کا انتظار ۔۔۔ 6 جون کو آپریشن کا انتظار ۔۔ 15 جون آج پھر ایک اور انتظار ۔۔

لیکن میرے اس سفر میں میرے شریک سفر آفتاب تھے جنہوں نے دن رات صرف میری حفاظت کی تھی ۔۔ مجھے اپنی ہر آہٹ پر ۔۔ہر تکلیف کے سامنے سب سے پہلے وہ کھڑے ملتے ۔۔ میرے کھانے اور دواؤں کی فکر ۔۔ آرام دہ کپڑوں کی فکر ۔۔سونے کی فکر ۔۔ آرام دہ سفر کی فکر ۔۔ اتناکچھ انہیں یاد رہتا تھا کہ میں اپنی تکلیف بھول کر دن رات ان کی صحت والی لمبی عمر کی دعائیں کرتی رہتی ۔ ۔۔انہوں نے اس وقت تک جاب پر سے چھٹی لی ہوئی جب تک میں دوبارہ ہوسپٹل جوائن نہ کر لیتی ۔۔ ایسا شریک سفر میری قسمت میں ہوتا ۔۔ اس عنایت کے لئے مجھے اپنی کوئی نیکی دامن میں نظر نہیں آتی تھی سوائے اس کے کہ میرا مہربان رب میری ہر کمی کوتاہی سے بے نیاز صرف عطا کرنے والا تھا ۔

مجھے پاک رب نے جناب صفدر ہمدانی جیسا پرخلوص بے لوث محبت کرنے والا دوست اور شفیق استاد عطا کیا تھا ۔۔ جو بظاہر لندن میں تھے لیکن یوں جیسے ان کی گھڑیاں میری گھڑیوں سے ملی ہوئیں تھی ۔۔ دعاؤں اور شفقتوں کا ایساسائیان تان رکھا تھا کہ مجھے ایسی بے فکری عطا ہوئی کہ مرنے تک سے بے خوف کر دیا ۔

میرے بچے ۔۔۔ منیب ، نجیب ، آمنہ ، جیسیکا ، نیکول اور ایمیلیا ۔۔ میرے ہونے کا انمول احساس تھے ۔۔ ہر وقت اپنی پیار بھری رونق سے مجھے بہلائے رکھنا ان سب نے نصب العین جیسا سمجھ رکھا تھا۔۔محبتوں نے میرے سفر کو ہر موڑ پر امیدوں سے سجا دیا تھا ۔۔ مجھے لمحہ موجودمیں جینا آگیا تھا۔

چچا مقصود ، میرے بہن بھائی ۔۔شہزاد نسیم ، افضال نسیم ، دلشاد نسیم ، شاہد نسیم ، جاوید نسیم ، نزہت نسیم اور عاصم نسیم اور میری بھابھیوں کے روزانہ فون آتے ۔۔ میرے حال ان کے حال سے جا ملتے یوں میں روز ہری بھری ہو جاتی ۔

میری دوستیں شاہدہ ، شاہین ، فریحہ ، ارم ، شبانہ ، روینہ ۔۔جنہوں نے مجھے سہولت دینے کی ہر ممکن کوشش کی ۔۔کبھی پھول بھیجتیں کہ مجھے پھول بہت پسند تھے ۔۔کبھی کھانے پکا کر بھیجتیں کہ ہمیں آسانی ہو سکے ۔۔ کبھی خود آکر یوں میرا دل لگاتیں کہ یاد ہی نہ رہتا کہ مجھے کینسر ہوا ہے ۔

میرے ہوسپٹل اسٹاف کے میسجز اور یونٹ منیجر جورجینا ٹرینی کے ہر ہفتے فون پر خبر گیری ایسا طاقتور نشہ تھا کہ انہیں اور میرے مریضوں کو میری ابھی ضرورت ہے ۔۔جینے کا سندیسہ بن جاتے ۔۔

میرے ہمسائیوں ، میری جم انسٹرکٹر مونیکا اور میری میڈیٹیشن ٹیچر مالی کے میسجز اور فون ۔۔۔ اف کتنا کچھ تھا جو مجھے اہم بنا رہا تھا ۔۔مجھے جینے پر اکسا رہا تھا۔

مجھے اپنے سفر میں جتنے ڈاکٹز ملے سب مشفق اور مہربان ۔۔ جو جو نرسیں ملیں ساری خدمت گزار ۔۔ تسلیاں دینے والا وارڈ بوائے جس نے میرا اسٹریچر آپریشن تھیٹر تک پہنچایا ۔۔کچن لیڈی جس نے میرے سامنے محبت سے کھانے کی میز سجائی ۔۔ کلینرز جنہوں نے مجھے ماحول کی آسودگی دینے کی ہر ممکن کوشش کی ۔۔ میرے بس میں ہوتا تو ایک ایک کے ہاتھ چومتی اور ان کا شکریہ ادا کرتی۔

میرے بس میں ہوتا تو ایک ایک کے ہاتھ چومتی اور ان کا شکریہ ادا کرتی۔

مجھ تک ان کا پیار اور مہربان دعائیں بھی پہنچ رہی تھیں جنہیں میں جانتی تک نہیں تھی ۔۔ لیکن وہ سب میرے لیئے دعاگو تھے ۔۔

میں سوچ رہی تھی کہ کینسر جیسی تکلیف کا سفر تنہا ضرور تھا لیکن اگر یہ سب میرے ساتھ نہ ہوتے تو میں اتنی باہمت اور مظبوط کبھی نہ ہو پاتی ۔ میرے سکھ چین میں ان سب کا حصہ ناقابل فراموش تھا اور میں احسانمندوں میں رہنا چاہتی تھی ۔۔۔میں ہواؤں کی شکرگزار تھی جو میری دعاؤں کی پیغام رساں تھیں ۔ میں مہربان زمین کی شکر گزار تھی جس نے مجھے رہنے کی اجازت دے رکھی تھی ۔

ہم انسانوں کا ہی نہیں پوری کائینات کا دین مہربانی کی بنیاد پر ہی تو تھا ۔۔ ہم میں ایسی بے شمار خوبیاں ہیں جن سے دنیا فائدہ اٹھا سکتی ہے۔۔۔ مہربان ہونا ان میں سے ایک ہے۔ جب ہم ایک مہربان انسان ہوتے ہیں، تو ہم نہ صرف دوسروں کی مدد کر رہے ہوتے ہیں، بلکہ اپنی بھی مدد کر رہے ہوتے ہیں۔ اس بات کے کافی سائنسی ثبوت بھی موجود تھے کہ مہربان ہونا ہم کو اور ہمارے آس پاس کے ماحول کو خوبصورت بناتا ہے اور ساتھ رہنے والوں کو خوش رکھتا ہے۔ مجھے یاد آیا یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، ریور سائیڈ میں سائیکالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر سونجا لیوبومیرسکی کی طرف سے کی گئی ایک تحقیق میں، طلباء کو چھ ہفتوں کی مدت کے لیے فی ہفتہ مہربانی کے پانچ پانچ عمل کرنے کے لیے تفویض کیا گیا ۔ مطالعہ کے اختتام پر طلباء کی خوشی کی سطح میں 41.66 فیصد اضافہ ہوا تھا۔ مہربان ہونے کا خوشی پر گہرا مثبت اثر پڑا تھا۔

مارک ٹوین کہتے تھے “مہربانی وہ زبان ہے جسے بہرے سن سکتے ہیں اور اندھے دیکھ سکتے ہیں۔” ۔۔وللہ ایسا ہی تھا ۔۔مجھے اپنے کئی ایسے مریض یاد آگئے جو دیکھ نہ سکتے تھے پر مہربانی کی زبان سمجھتے تھے ۔

آمنہ اور آفتاب دونوں اپنے اپنے فون پر تھے ۔۔ منیب اور نجیب کے باری باری فون آ گئے کہ ہم لوگ کہاں تک پہنچے ہیں ۔۔ میں جانتی تھی ان کی پریشانی کیا ہے ۔۔ میں بھی فکر مند تھی کہ جانے اب سفر کس موڑ پر کس طرف مڑ جائے گا ۔۔ بہت کچھ اندھیروں میں تھا ۔۔ ہم سب روشنی کے انتظار میں تھے ۔۔لیکن اس انتظار میں طمانیت تھی کہ جو بھی ہو گا میں ضررو سہار لونگی کہ میرا دعاؤں اور مہربانیوں کا نیٹ ورک تھا ہی اتنا مظبوط کہ مجھے ڈرنا نہیں چاہیئے ۔۔۔ میں خود کو تسلی دیتے ہوئے مسکرا رہی تھی۔

مجھے یاد آیا کہ ایکبار مجھے ہارمونز اور خوشی پر اپنے اسٹاف کو لیکچر دینا تھا اور میں نے ریسرچ کرتے وقت کتنا کچھ جانا تھا ۔۔جو مجھے اس وقت بھی یاد آ رہا تھا ۔۔

انسان میں چار ہارمون ہیں جن کے خارج ہونے سے انسان خوشی محسوس کرتا ہے ۔۔
1. *Endorphins اینڈورفنس
2. *Dopamine* ڈوپامائین
3. *Serotonin* سیروٹونائین
4. *Oxytocin* آکسی ٹوسین

خوش رہنا ۔۔مطمئن رہنا بہت آسان تھا جیسے ہمیں اینڈروفنس حاصل کرنے کے لئے ہر روز ورزش کرنا ہے۔ ہمیں چھوٹے چھوٹے ٹاسک پورا کرکے ڈوپا مائین حاصل کرنا ہے۔ دوسروں کی مدد کرکے سیروٹونائین حاصل کرنا ہے۔ آخر میں اپنے بچوں کو گلے لگاکر، فیملی کے ساتھ وقت گزار کر اور دوستوں سے مل کر آکسی ٹوسین حاصل کرنا ہے۔ اس طرح ہم خوش رہیں گے۔ اور جب ہم خوش رہنے لگیں گے تو ہمیں اپنے مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے میں آسانی ہوگی۔ ۔۔ بحثیت انسان ہمارا مشن تھا ہی یہی کہ خوش رہیں اور خوشیاں بانٹتے رہیں ۔

خوشیاں بانٹنا سب سے بہتر صدقہ ہے
نگہت مجھ پر راز کھُلا یہ مشکل میں

دوپہر کے ایک بج چکے تھے ۔۔ اسٹاف اپنے اپنے کاموں میں مصروف تھے ۔۔اور ہم تینوں مجسم انتظار تھے کہ اچانک بائیں کمرے سے نرم اور ہلکی سی آواز آئی ۔
ڈاکٹر نسیم ۔۔۔ آسمانی نیلے اسکرب میں ملبوس ، چشمہ اور ماسک پہنے ایک نازک سے لڑکی نے میرا نام پکارا تھا ۔۔

جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

1 COMMENT

  1. پیاری شکر گزار صابربیٹی اللہ پاک کی خاص رحمت تمہارے ساتھ ہے اور ہم سب
    کی دلی دعائیں ی
    اللہ پاک آپ کو ہمیشہ صحتمند شاد ہ آباد رکھے اور خوشگوار لمبی زندگی عطا فرمائے آمین

LEAVE A REPLY