یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن.۔۔آفتاب احمد‎

0
1528

یکم مئی مزدوروں کا عالمی دن

پھوٹنے والی ہے مزدور کے ماتھے سے کرن

سرخ پرچم افق صبح پہ لہراتے ہیں

یوم مزدور یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد امریکا کے شہر شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کویاد کرنا ہے۔

مغربی دنیا میں صنعتی انقلاب کے بعد، سرمایہ کاروں کی بدکاریاں بڑھ گئیں، جن کے خلاف اشتعمالی نظریات بھی سامنے آئیں۔ سوشلزم ٹریڈ یونینز کی بنیاد ڈالی۔ صنعتی مراکز اور کارخانوں میں مزدوروں کی بدحالی حد سے زیادہ بڑھ گئی۔ کئی گھنٹوں کام کروایا جاتا تھا۔

یوم مئی کا آغاز 1886ء میں محنت کشوں کی طرف سے آٹھ گھنٹے کے اوقات کار کے مطالبے سے ہوا۔ٹریڈ یونینز

اور مزدور تنظیمیں اور دیگر سوشلسٹک ادارے، کارخانوں میں ہر دن آٹھ گھنٹے کام کا مطالبہ کیا۔آج سے ٹھیک 132سال قبل امریکا کے صنعتی شہر شکاگو میں محنت کشوں نے اوقات کار مقرر کر نے کے لیے شان دار اور بے مشال جد و جہد کر تے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے محنت کشوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ۔مظلوموں ،غلاموں اور محنت کاروں کی یوں توبڑی طویل اور صبر آزما جدوجہد سیکڑوں اور ہزاروں برس سے جاری ہے،مگر جو کام شکاگو کے محنت کش کر گئے وہ رہتی دنیا تک یادرکھا جائے گا ۔

اس تحریک اور جد وجہد نے پہلی مرتبہ اوقات کار مقرر کروانے کے لیے ایک قانون بنوایا ،جس کے تحت 8گھنٹے اوقات کار مقرر ہوئے ۔دنیا میں یہ پہلا موقع تھا جب محنت کش منظم انداز میں تحریک چلا رہے تھے ۔گو کہ اس سے قبل بھی جدوجہد جاری رہی اور فرانس میں1789؁ میں پیرس کا خونیں انقلاب بھی آیا تھا ،جسے انقلاب فرانس کے نام سے یاد کیا جاتا ہے دور جدید کی دنیا کو بدلنے میں محکوم اور کچلے ہوئے عوام نے بڑی لمبی اور طویل جدوجہد کی ہے اور جب سے دنیا قائم ہوئی ہے ،یہ جدوجہد جاری ہے دنیا اس وقت طبقاتی نظام میں الجھی ،جب زمین پرموجود طاقت ور اور ظالم انسانوں نے،غریب ،مجبور اور کم زور انسانوں کو اپنا غلام بنایا اور زمین پر لکیر یں کھنچ کر اپنی حق ملکیت کا دعوی کر نا شروع کر دیا ،تو دنیا طبقات میں بٹ گئی

اس مطالبہ کو تمام قانونی راستوں سے منوانے کی کوشش ناکام ہونے کی صورت میں یکم مئی کو ہی ہڑتال کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ جب تک مطالبات نا مانے جائیں یہ تحریک جاری رہے گی۔ 16-16 گھنٹے

کامکرنے والے مزدوروں میں 8 گھنٹے کام کا نعرہ بہت مقبول ہوا۔ اس دن امریکا کے محنت کشوں نے مکمل ہڑتال کی۔ تین مئی کو اس سلسلے میں شکاگو میں منعقد مزدوروں کے احتجاجی جلسے پر حملہ ہوا جس میں چار مزدور هلاک ہوئے۔ اس بر بریت کے خلاف محنت کش احتجاجی مظاہرے کے لیے ہے مارکیٹ چوک میں جمع ہوئے
پولیس نے مظاہرہ روکنے کے لیے محنت کشوں پر تشدد کیا اسی دوران بم دھماکے میں ایک پولیس افسر ہلاک ہوا تو پولیس نے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے نتیجے میں بے شمار مزدور هلاک ہوئے اور درجنوں کی تعداد میں زخمی ،اس موقعے پر سرمایہ داروں نے مزدور رہنماؤں کو گرفتار کر کے پھانسیاں دی۔حالانکہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں تھا کہ وہ اس واقعے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مزدور تحریک کے لیے جان دے کر سرمایہ دارانہ نظام کا انصاف اور بر بریت واضح کر دی۔ ان هلاک ہونے والے رہنماؤں نے کہا ۔ ’’تم ہمیں جسمانی طور پر ختم کر سکتے ہو لیکن ہماری آواز نہیں دباسکتے ‘‘

جب لگایا حق کا نعرہ دار پر کھینچا گیا

نخل صنعت اس کے خوں کی دھار پر سینچا گیا

اس احتجاج کو روکنے کیلئے حکمران طبقات کے پاس محنت کشوں پر ریاستی تشدد کا راستہ اپنانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچ چکا تھا۔

سن 1989ء میں ریمنڈ لیوین کی تجویز پر یکم مئی 1890ء کو یوم مئی کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔ اس دن کی تقریبات بہت کامیاب رہیں۔ اسکے بعد یہ دن ’’ عالمی یوم مزدور‘‘ کے طور پر منایا جانے لگا۔اس موقع پر ایک مزدور نے اپنے شہید ساتھی کی سفید قمیص جو خون سے سرخ ہوچکی تھی، پرچم کے طور پر فضا میں بلند کی۔ تب سے سرخ پرچم محنت کشوں کا عالمی نشان ٹھیرا۔

شکاگو کے سرکردہ مزدور راہنماؤں اوگست اسپائس، البرٹ پارسنز، اڈولف فشر، جارج اینجل، لوئس لنگ، مائیکل شواب، سیموئیل فیلڈن اور اسکرنیب کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان میں سب اوگست اسپائس، البرٹ پارسنز، اڈولف فشر اور جارج اینجل کو 11 نومبر 1887 کو پھانسی دی گئی جب کہ مائیکل شواب اور سیموئیل فلڈن کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا گیا۔ لوئس لنگ کی جیل میں وفات ہوگئی تھی۔ ان مزدور راہ نماؤں میں سے 2 کا امریکا جب کہ باقی کا برطانیہ، آئر لینڈ اور جرمنی سے تعلق تھا۔

یہی سُرخ پرچم ہمارا نشان اور ہمارا جھنڈا ہو گا۔آخر کار حکمرانوں ،کارخانے داروں،اور مل ملکان کو مزدوروں کے مطالبات ماننے پڑے اور ٓٹھ گھنٹے اوقات کار مقرر ہوئے۔اس طرح دنیا بھر میں8گھنٹے کا نظام مقرر ہوا۔بعد میں حکمرانوں نے مزدوروں کے7سرکردہ رہنمائوں پر بغاوت کا جھوٹا مقدمہ بنایا اور4مزدور رہنمائوں کو سزائے موت کا حکم سنایا۔پھانسی کے پھندوں پر چڑھتے ہوئے رہنمائوں نے کہا۔

فشر نے کہا،ہم خوش ہیں کہ ہم ایک اچھے کام کے لیے جان دے رہے ہیں۔

اینجل نے کہا ،تم اس آواز کو بند کر سکتے ہو ،لیکن ایک وقت آئے گا جب ہماری خاموشی ہماری آواز سے زیادہ گرج دار اور زور دار ہو گئی۔

پیٹر نسز نے کہا،تم ہمیں مار سکتے ہو ں لیکن ہماری تحریک کو مار نہیں سکتے۔

اسپائنز نے کہا،حاکموں ،غریب انسانوں کی آواز بکند ہونے دو،نہیں تو پھر ہماری تلواریں بلند ہو گی۔

ہرسال یکم مئی کو مزدوروں کا دن محنت کی حرمت عظمت کی علامت ہے، جبکہ یہ دن ہمیں شکاگو کے شہداء اور ان کی جبرواستبداد کے خلاف جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔

پاکستان میں قومی سطح پر یوم مئی منانے کا آغاز انیس سو تہتر میں وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ہوا۔پاکستان کا شمار دنیا کے ان ملکوں میں ہوتا ہے، جہاں لاکھوں کی تعداد میں مزدور اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ مزدوروں کے اہم مسائل میں طویل اوقات کار، کم اجرت، صحت، صفائی اور انشورنس کی سہولیات کی عدم فراہمی سرفہرست ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نہ صرف مزدور خود بلکہ ان کے بچے بھی کم عمری میں ہی محنت مزدوری پر لگ جاتے ہیں۔

مزدوروں کی عالمی تنظیم آئی ایل او کے مطابق دنیا کے مزدوروں کا 20 فیصد حصہ غربت کی نچلی سطح پر زندگی گزار رہا ہے جبکہ 40 فیصد غربت کے ساتھ مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔

آئی ایل او کے اعداد وشمار کے مطابق دنیا کی 47 فیصد آبادی یعنی تین ارب،38 کروڑ،80 لاکھ اور 60 ہزار محنت کشوں پر مشتمل ہے جس کا 60 فیصد مرد اور 40 فیصد خواتین ہیں۔

اکیاسی کروڑ 27 لاکھ محنت کشوں کے ساتھ چین سرفہرست جبکہ پاکستان پانچ کروڑ 58 لاکھ 80 ہزار محنت کشوں کے ساتھ عالمی سطح پر دسویں نمبر ہے اور کل ملکی آبادی کا 33 فیصد محنت کشوں پر مشتمل ہے۔

ملک کی کل لیبر فورس کا 45 فیصد زراعت،15 فیصد ہول سیل، پرچون، ہوٹل اور ریستوران، 14 فیصد مختلف اقسام کی سروس، 13 فیصد پیداواری شعبہ،6 فیصد تعمیراتی شعبہ اور 5 فیصد ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

نجکاری اور ڈاؤن سائزنگ قوت خرید کو مکمل طور پر مفلوج کردینے کی بھیانک شکل میں سامنے ہے۔ بے روزگاری، غربت، بھوک، بیماری اور افراط زر میں ہوشربا اضافے کے باعث محنت کشوں کی حقیقی اجرتوں میں 100فی صد سے زاید کمی انہی مزدور دشمن پالیسیوں کا شاخسانہ ہے۔

عوامی مینڈیٹ کے زعم میں مبتلا وفاقی حکومت ہوں یا سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کی صوبائی حکومتیں ہوں یہ سب محنت کش طبقے کی طویل جدوجہد کے نتیجے میں حاصل شدہ مراعات چھیننے میں ایک دوسرے سے کم نہیں۔ صنعتی و مالیاتی اداروں کی نج کاری کا معاملہ ہو، جبری برطرفیاں ہوں، کم از کم تنخواہ پر عمل در آمد، سوشل سیکیوریٹی سمیت سماج تحفظ سے رجسٹریشن کا معاملہ ہو یا اداروں میں یونین سازی کے حق کو تسلیم کرنے کا معاملہ، ان سب کا مزدور دشمن رویہ روز روشن کی طرح عیاں نظر آتا ہے، صنعتی اداروں میں مخدوش صورت حال کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ صرف پانچ فی صد ورکرز کے پاس ہی تقرر نامے ہیں، جب کہ 95 فی صد اس بنیادی حق سے محروم ہیں، جس کے باعث وہ لیبر عدالتوں یا سماجی تحفظ کے اداروں میں خود کو مزدور ثابت کرکے اپنا قانونی حق حاصل نہیں کرسکتے۔

اس شہر میں مزدور جیسا در بدر کوئی نہیں

جس نے سب کے گھر بنائے اس کا گھر کوئی نہیں

اسی طرح صرف 2.5 فی صد مزدوروں کو یونین سازی کا حق حاصل ہے۔ اسی طرح ملک کی 6 کروڑ 20 لاکھ کی ورک فورس میں 70 فی صد غیر منظم شعبے سے وابستہ ہے اور ان کی ایک بڑی تعداد گھر مزدوروں کی ہے۔ 1 کروڑ 80 لاکھ گھر مزدوروں میں خواتین محنت کشوں کی تعداد 1 کروڑ 50 لاکھ ہے لیکن پیداواری عمل میں حصہ لینے والے یہ گھر مزدور قانونی طور پر ورکر تسلیم نہ کیے جانے کی وجہ سے اپنے قانونی حقوق سے محروم ہیں۔

اب تک مرے اعصاب پہ محنت ہے مسلط

اب تک مرے کانوں میں مشینوں کی صدا ہے

مزدور تحریکوں، احتجاجوں اور مزاحمت کی چنگاریوں کو ایک ایسے توانا شعلے میں تبدیل کردیا جائے جو لوٹ کھسوٹ اور جبر پر مبنی اس فرسودہ اور عوام دشمن سرمایہ داری جاگیرداری کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکے۔

اس وقت مزدور طبقے کی غربت کے پیشِ نظر انکے بچے پرائمری جماعت سے آگے تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں ۔ ذرا سوچیئے کہ ہم اپنے بچوں کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم دلانے اور مختلف آسائشیں دینے میں اتنے مصروف ہو گئے ہیں کہ غریب طبقے کے حقوق سلب کر رہے ہیں۔ وہ بچے جو پاکستان کا مستقبل تھے ان ننھے ہاتھوں میں آج گرم اینٹیں، بھٹی ، کھیتوں میں مزدوری کا سامان موجود ہیں۔

اصلاحات سے لے کر جبر تک، مذہب سے لے کر قوم پرستی تک، ہر نظریہ اور ہر حربہ اپنایا گیا ہے لیکن اس نظام کو بدلے بغیر کوئی چارہ نظر نہیں آتا۔

طبقاتی جدوجہد میں کوئی ’درمیانی راستہ‘ نہیں نکالا جا سکتا اور محنت کش طبقے کی حتمی نجات انقلابی قیادت کے تحت سرمایہ دارانہ نظام کے یکسر خاتمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

اٹھ کھڑے ہوں گے یہ جلاد کی صورت اک دن

دیں گے قاتل کو نہ فر یاد کی مہلت اک دن

جس کے صدقے میں قیامت بنا کھیتی کا شباب

چیر کر سینۂ صحرا، جو اگاتا ہے گلاب

جو پہاڑوں کو بھی کر سکتے ہیں ریزہ ریزہ

جن کی محنت رخِ انجم کا بنی ہے غازہ

جن کے ٹکڑوں سے ہیں مقتل کے دروبام سجے

خسروی چمکی ہے جن سے، شہِ گُل فام سجے

تحریر ۔۔۔آفتاب احمد

SHARE

LEAVE A REPLY