پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے ایلیمنیٹر 1 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے آؤٹ کردیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دے دیا تھا جو یونائیٹڈ نے آخری اوور میں حاصل کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کا تعاقب محتاط انداز میں کیا، البتہ اسے 11 رنز بنانے والے ول جیکس کی وکٹ کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا تھا لیکن ایلکس ہیلز کے تجربے نے یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن کو اعتماد دیا۔

کپتان شاداب خان نے ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے 22 رنز بناکر ٹیم کے پر دباؤ کو ہٹانے کی ایک کامیاب کوشش کی۔

دوسری جانب ایلکس ہیلز نے اپنا روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے 62 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ بھی 111 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

ایسے میں اعظم خان نے 28 رنز بناکر اپنی ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کردیا جبکہ ان کا ساتھ فہیم اشرف نے 19 رنز کے ساتھ دیا۔

جب آخری اوور میں یونائیٹڈ کوجیت کے لیے 10 رنز درکار تھے تو ایسے میں اعظم خان ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، تاہم ان کے بعد آنے والے لیام ڈاسن کے پاس شاید کچھ اور ہی ٹرکس تھیں، انہوں نے اگلی دو گیندوں پر پہلے چھکا اور پھر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایلیمنیٹر 2 میں پہنچا دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY