سانحہ ساہیوال: مقتول خلیل کے بھائی کا جے آئی ٹی پرعدم اطمینان کا اظہار

0
745

سانحہ ساہیوال میں بے گناہ مارے جانے والے خلیل کے بھائی جلیل کا کہنا ہے کہ حساسیت کے مطابق کیس فوجی عدالت میں چلنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھمکیوں سے متعلق وکیل کا دعویٰ خود ساختہ تھا، آئندہ قانونی کارروائی کے لیے نئے قانونی ماہر سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔

جلیل نے کہا کہ جےآئی ٹی سے بہترتھا جوڈیشل کمیشن بنایا جاتا، جے آئی ٹی کی تحقیقات سےمطمئن نہیں، حساسیت کے مطابق کیس فوجی عدالت میں چلنا چاہیے۔

مقتول خلیل کے بھائی نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف پولیس کی ہی تحقیقات حقائق پرمبنی نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب مقتول ذیشان کی والدہ اور بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیس کو فوجی عدالت میں چلانے کا مطالبہ کیا۔

مقتول ذیشان کی والدہ نے کہا کہ حکومتی عہدیداروں کے متحرک ہونے سے انصاف کی امید پیدا ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 19 جنوری کو سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک کار پراندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوئے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی، گاڑی سے اسلحہ نہیں بلکہ کپڑوں کے بیگ ملے۔

SHARE

LEAVE A REPLY