وزیرِ اعظم عمران خان صدر ولادیمیر پوٹن کی دعوت پر دو روزہ دورہٴ ماسکو پر بدھ کو روانہ ہو رہے ہیں۔ عمران خان اپنے پہلے دورہٴ روس کے دوران صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

دورۂ روس کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس دورے کا مقصد باہمی مفادات بالخصوص معیشت پر ماسکو سے روابط بڑھانا ہے۔

خطے کے بدلتے حالات اور عالمی صورتِ حال میں وزیرِ اعظم عمران خان کے دور ۂ ماسکو کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

مبصرین کا ماننا ہے کہ یوکرین اور روس کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے دوران وزیرِِ اعظم عمران خان کے دورۂ ماسکو کا مغربی دنیا کو اچھا تاثر نہیں جائے گا۔

یوکرین میں بطور سفارت کار خدمات انجام دینے والے میجر جنرل ریٹائرڈ اطہر عباس کہتے ہیں کہ وزیر اعظم چاہ رہے ہیں کہ روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کسی طرح دوبارہ بحال ہوں۔ ٹیکنالوجی، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں انحصار صرف امریکہ و مغرب پر نہیں رہنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ گیس پائپ لائن، تجارت اور وسطیٰ ایشیا تک افغانستان کے ذریعے رسائی ہو سکے۔

SHARE

LEAVE A REPLY