پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات چیت ضروری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف نے قومی معیشت پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ معاشی استحکام کے بغیر خود مختاری کا تصور بے معنی ہے، ملک مشکل معاشی حالات سے دو چار ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ حکومت کے مشکل فیصلوں کو کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے ہم سب کو ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات چیت ضروری ہے، آرمی چیف
سربراہ پاک فوج نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ یہ وقت ایک قوم بننے کا ہے، ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی قومی اہمیت کے معاملات پر بات چیت ضروری ہے، ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا ہے کہ خطے کی ترقی کے لیے علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہو گا، ماضی میں ہم مشکل فیصلے کرنے سے کتراتے رہے۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ مسلح افواج نے سالانہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لے کر ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا، مشکل حالات میں کوئی فردِ واحد قومی اتحاد کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کر سکتا۔













