قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں شکست پر قومی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم کے سوا کوئی بھی بلے باز ذمے داری لینے کو تیار نہیں اور خراب کھیل کے بعد پاکستان میچ جیتنے کا مستحق نہیں تھا۔

سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد آسٹریلیا نے کینبرا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں شاندار کھییل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دی تھی۔

میچ میں بابر اعظم ایک مرتبہ پھر سب سے نمایاں بلے باز رہے اور لگاتار دوسرے ٹی20 میچ میں نصف سنچری اسکور کی جبکہ اختتامی اوورز میں افتخار احمد نے جارحانہ بیٹنگ کر کے پاکستان کی معقول مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا لیکن اس کے علاقہ کوئی بھی بلے باز اچھا کھیل پیش نہ کر سکا۔

پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کپتان بابر اعظم نے بھی مایوسی کا اظہار کیا تھا جبکہ سابق فاسٹ باؤلرز نے بھی بلے بازوں کی مستقل ناقص کارکردگی ہر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر میچ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ایک اچھی اور بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر اوپنر فخر زمان اور حارث سہیل اچھا کھیل پیش نہ کر سکے اور خراب شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے پہلے میچ میں اچھی بیٹنگ کی تھی لیکن دوسرے میچ میں وہ جلد بازی میں نظر آئے اور وکٹ دے بیٹھے۔

انہوں نے کہا کہ بلے بازوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش نہیں کیا ورنہ اس وکٹ پر 200 رنز کے قریب اسکور ہو سکتے تھے اور یہ شکست انتہائی مایوس کن ہے۔

اس موقع پر انہوں نے بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے یہ شکست کپتان بابر اعظم کے لیے زیادہ مایوس کن ہے جنہوں نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن ان کی تمام تر کاوشیں ضائع ہو گئیں۔

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ جس ذمے داری سے اسٹیون اسمتھ نے بیٹنگ کی، ہماری بیٹنگ میں وہ ذمے داری نظر نہیں آئی اور افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پاس بابر کے علاوہ کوئی بھی ایسا بلے باز نہیں جو اچھی بیٹنگ کر سکے۔

SHARE

LEAVE A REPLY