پاکستان کی حکومت نے اسلام آباد اور کابل کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے افغانستان کی قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ کو با ضابطہ طور پر پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔
اسلام آباد کی جانب سے ہمسایہ ملک افغانستان سے تعلقات کی بہتری کے لیے پاکستان کی حکومت کا یہ تازہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغانستان میں حکومت اور طالبان میں مذاکرات شروع ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق عبد اللہ عبد اللہ کے پاکستان کے دورے کے لیے تاریخوں کا اعلان دونوں ممالک کے درمیان باہمی رضا مندی سے کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے افغانستان کے لیے تعینات کردہ خصوصی مشیر محمد صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
کابل میں تعینات پاکستان کے سفیر نصر اللہ خان سے ملاقات کے بعد عبد اللہ عبد اللہ کا ایک ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی طرف سے دورے کی دعوت پر شکر گزار ہیں۔












