گاہے گاہے بازخواں ایں ,قسط 7 نصرت نسیم

0
1165

یادوں کی پٹاری سے ایک اور خوبصورت یاد ریل گاڑی سے سفر کرنا ۔۔۔۔ریل کے سفر میں کیسی رومانیت وسحر ہے کہ اس کے لطف کو وہی لوگ محسوس کر سکتے ہیں جنہوں نے اس دور میں سفر کئے ہوں جب دہشتگردی، بدعنوانی اوردوسری کئ خرابیوں کانام تک نہیں سنا تھا۔لہذا ریل کاسفر سب کا پسندیدہ تھا۔میں نے پہلے ذکر کیا تھا کہ میری خالائیں جب کبھی مشکل سے انہیں باہر جانے کی اجازت ملتی تو تانگےمنگواے جاتے ۔جس پر پردے لگے ہوتےاس معاملے میں ڈیڈی بہت سخت گیرواقعہ ہوے تھے ۔ان سے اجازت لینا ہی اپنی جگہ کسی امتحان سےکم نہ تھا اکثر یہ خدمت ہم سے لی جاتی اور اگر انہیں اجازت دینے میں تامل ہوتا تو بڑے آرام سے کہہ دیتے ۔اپنی مرضی ہے اور یہ جواب سن کر سب کے چہرے اتر جاتے ۔ہاے کہا تو ہے نا کہ اپنی مرضی ہے میں اصرار کرتی تو خالہ سمجھاتی تم ابھی بچی ہوتمہیں نہیں پتہ اس کامطلب ہے کہ نہیں جانا گلو گیرآواز میں سمجھاتیں ۔ایسے میں چورہ شریف کا عرس آجاتا جس میں شرکت کے لئے ازن عام یعنی سب کو جانے کی اجازت تھی سو سب کا جوش و خروش دیدنی ہوتا ۔زور وشورسے کئ روز پہلے تیاریاں کی جاتیں ۔ریلوے سے سیٹیں بک کر لی جاتیں ۔

خدا خدا کرکے جانے کادن آتا تو منہ اندھیرے اٹھ کر پراٹھے قیمہ آملیٹ وغیرہ بنا کر ٹفن کیریر میں رکھ لیتے ۔ساتھ ہی مونگ پھلی، چلغوزے وغیرہ کی پوٹلی الگ سے ہوتی تانگوں میں لد کر ریلوے اسٹیشن پہنچتے ۔قلی دوڑ کر سامان اٹھاتے اور ڈبے میں اوپر سامان لگادیتے۔دیکھتے ہی دیکھتے ڈبہ خواتین سے بھر جاتا ۔رشتے دار اور جان پہچان کے لوگوں کو دیکھ کر خوشی دوچند ہوجاتی چھکا چھک دھیرے دھیرے ریل اسٹیشن کی حدود سے باہر نکلتی اور پھر اپنی رفتار تیز کرتی چلی جاتی منہ سے آگ اگلتا ہوا انجن طرح طرح کی آوازوں اورسیٹیوں کے سر بکھراے جنگلوں ویرانوں میں دیوانہ وار دوڑا چلا جارہا تھا اور ڈبے کے اندر باتیں قہقہے اور کھانے پینے کے دور چل رہے تھے میں کھڑکی کے قریب سارا وقت باہر دیکھ دیکھ کر لطف اندوز ہوتی۔خاص طور پر خوشحال گڑھ کے پل پر سے گزرتے ہوئے نیچے دریا اورگاڑی کے بدلتے ہوئے سر
مجاز کی نظم رات اور ریل “میری پسندیدہ نظم اس کے چند اشعار میری بات کو واضح کریں گے
جیسے موجوں کا ترنم جیسے جل پریوں کے گیت
ایک ایک لے میں ہزاروں زمزمے گاتی ہوئی
خوشحال گڑھ کاپل انگریزوں کے زمانے کابناہواہے نیچے پل پر عام ٹریفک اور اوپر خاصی بلندی پر ریل کا اوپر سے دریا کانظارا بیک وقت خوشی وخوف لیے ہوے ۔
چھیڑتی ایک وجد کے عالم میں ساز سرمدی
غیظ کے عالم میں منہ سے آگ برساتی ہوئی
پل کو دریاکےدمادم کوندتی، للکارتی
ساحلوں پر ریت کے زروں کو چمکاتی ہوئی
یونہی کھاتے پیتے ہنستے گاتے کھڑکی سے باہر دیکھتے ریل کے سفر سے لطف اندوز ہوتے ہوے چورہ شریف پہنچ جاتے ۔چورہ شریف کوہاٹ اورپنڈی کے درمیاں واقع ہے ۔جہاں باقاعدہ کوئی

سٹیشن نہیں کہ گاڑی ٹہرسکے۔لہذا عرس کے دنوں میں عوام کی سہولت کی خاطر گاڑی بہت تھوڑی دیر کے لئے چورہ شریف پر رکتی ۔یہاں کوئی پلیٹ فارم تو تھا نہیں تو ریل کاپائدان زمین سے بہت اونچا ہوتا اورمحدود وقت میں گاڑی سے اترنا اورچڑھنا مہم جوئی سے کم نہ تھا ۔اتر کر کافی پیدل چلنا پڑتا چلتے چلتے ندی سی آجاتی اورسب لوگ ندی کو قدم بہ قدم پار کرتے کبھی اس کا پانی گھٹنوں گھٹنوں تک کبھی کچھ کم ہوتا صاف شفاف پانی کی اس ندی کو عبور کرتے ہوئے عقیدت و محبت میں شرابور خواتین یہاں کے اولیا ءکرام کی کرامتیں بیان کرنے لگتیں کہ اس ریتیلے صحرائی علاقے میں جب ان کے جد امجد تو اس صحرا میں دور دور تک پانی کا نام ونشاں تک نہیں تھا ۔نماز کا وقت آیا تو پانی ندارد ایسے میں ایک چھوٹے سےپودے پر ہاتھ پڑنے سے وہ اکھڑگیا اوراس سوراخ سے پانی رس رس کر آنے لگا ۔صحرا میں قطرہ قطرہ رستا ہوا پانی زندہ کرامت اورزندگی کی علامت ہے ۔ندی سے نکل کر کچھ مزید چل کر پیر صدیق صاحب کے گھر پہنچتے جہاں پاکستان بھر سے آئی ہوئی خواتین کا اجتماع ہوتا ۔نعتیں وعظ گپ شپ دکھ سکھ سب کچھ چلتا ۔رات کو زمین پر بستر بچھا دے جاتے مگرسونے سے پیشتر خواتین باہر ہواخوری کے لیے جاتیں اور ساتھ ہی ساتھ گندم کے کھیتوں میں حوائج ضروریہ سے فارغ ہو کر آتیں کہ تب گھروں میں ایسا کوئی انتظام نہیں تھا ۔دوسرے دن لاوڈسپیکر پرنعتیں منقبت پڑھی جاتی ۔وعظ و نصیحت کی جاتی میدان میں میلا لگا ہوتا طرح طرح کے سٹال کھانے پینے کی بےشمار چیزیں چوڑیاں کڑے گھگھو گھوڑے مٹی کے برتن یہ میلا مجھے بہت پسند تھا ۔سارا دن میلے میں گھومتے گھامتے کھاتے پیتے گزر جاتا گھر واپس آتی تو تنور کی پتیری روٹیاں اور مٹی کے کونڈوں میں گڑ کا حلوہ بطور تبرک تقسیم ہورہا ہوتا۔سہ پہر کے وقت پھر پیدل چل پڑتے راستے میں سبز چنے توڑ توڑ کر کھاتے ہوئے ندی پار کر کے ریل گاڑی کے انتظار میں بیٹھ جاتے

راولپنڈی سے آنے والی گاڑی تھوڑی دیر کے لئے رکتی اوربھاگم بھاگ طوفان بلاخیز کی طرح لوگ آگے بڑھتے ۔چورہ شریف کے سجادہ نشین پیر صدیق مرحوم ومغفور بغرض علاج ڈیڈی کے پاس آتے ۔خواتین ہمارے پاس گھر میں قیام کرتیں ۔اس سلسلے میں ایک ناقابل فراموش واقعہ یاد آ رہا ہے ۔
ایسے ہی دن تھے کہ چورہ شریف کی بیبیاں ہماری مہمان تھیں ۔ان کے ساتھ تقریبا “میری عمر یا مجھ سے کچھ چھوٹا بچہ بھی ساتھ تھا ۔مجھے بازار سے کچھ سودا لانے کے لئے کہا گیا ۔ڈیوڑھی تک پہنچی تھی کہ خالہ نےآواز دی ٹہرو اس بچے بچارے کو بھی ساتھ لے جاو ۔کچھ کھانے پینے کی چیز لے دو ۔بازار میں اسے کھانے پینے کی چیزیں دلایں سودا لیا۔دکان دار کو پیسے دے کر پلٹ کر دیکھا تو لڑکا غائب میرے تو پاوں تلے سے زمین نکل گئی عصر کا وقت تھا بازار میں خوب بھیڑ بھاڑ تھی ۔ادھر ادھر ایک دو چکر لگاے مگر وہ تو ایسا غائب ہوا جیسے گدھے کے سر سے سینگ ڈرتے ڈرتے گھر واپس آئی ۔مگر خیر ہوئی کہ مہمان آے ہوے تھے ۔اورتمام لوگ باتوں میں مشغول تھے ۔ہمارے بدن میں کاٹو تولہو نہیں یا خدا کیا جواب دیں گے ۔کیا کہیں گے؟ مغرب کے کافی دیر بعد مہمان رخصت ہوئے تو بی بی صاحبہ نے بچے کے بارے میں پوچھا ہمارے پاس کیا جواب تھا بھلا رونے لگے گھر کے تمام مرد ڈھونڈنے نکل کھڑے ہوئے اور کافی دیر بعد گھر مایوس واپس آے بی بی زاروقطار روتی تھی اور ہم اس پریشانی کو بیان نہیں کر سکتے جو اسوقت میرے دل پر اورگھر والوں پر گزری ۔کافی رات گئے ہمسائے میں ایک بندے نے اطلاع دی کہ تھانے میں ایک بچہ ہے آپ وہاں جاکر دیکھیں ۔تھانے پہنچے تو تھانے دار نے بتایا کہ بچہ سرائیکی زبان بولتا ہے صرف اپنانام بتاتا ہے گھر وغیرہ کا کچھ نہیں بتا سکتا ۔تھانیدار کی تسلی کرا کر بچے کو گھر لاے سب کی جان میں جان آئی ۔اور خوب خوب خوشی منائی ۔میں کبھی کبھی سوچتی ہوں کہ شاید اب وہ گدی نشین ہو اوراسے یہ واقعہ یاد ہوگا یا نہیں کہ وہ کوہاٹ کے بازار میں کھو گیا تھا!
خیر اسے یاد ہو یانہ ہو مجھے تو یاد ہے سب۔
ریل کے فسوں کار اور سحر انگیز سفر کی بات چلی ہے تو ایک اورسفر کی بات نہ کروں تو زیادتی ہوگی ۔
میں نے پہلے ذکر کیا تھا کہ میں ننھیال میں پلی بڑھی ہوں جب کہ میرے والدین ٹل چھاونی میں رہائش پذیر تھے۔تو چھٹیوں میں ٹل جایا کرتے اوراکثر ریل گاڑی کے ذریعے جاتے ۔یہ کوہاٹ سے ٹل چھاونی میں بالکل ہمارے گھر کے قریب اسٹیشن تھا کوہاٹ سے صبح 7 بجے گاڑی روانہ ہوتی اور 12 بجے تک ٹل پہنچتی اس لائن پراسترزی رئیساں ہنگو دوآبہ ودرسمند کے خوب صورت راستوں سے گزرتی کبھی چشموں اور آبشاروں کے قریب سے اورکبھی پھلوں سے لدے ہوئے باغات میں سے یوں گزرتی کہ شاخیں ڈبے سے ٹکراتیں ۔اتنا خوبصورت اور حسین راستہ شاید ہی کوئی ہو اپنی عادت کے مطابق کتاب ہماری گود میں ہوتی کھڑکی کے پاس بیٹھے پوری سیٹ پاوں پسارے گاہے بگاہے نظراٹھا کرباہرمرغزاروں کودیکھتے ۔توکبھی کتاب کی دنیا میں کھو جاتے ۔کھڑکی سے باہر کتاب فطرت کھلی رکھی تھی ۔اور اشہب خیال زقندیں بھرتا تھا ۔
سینہ کوہسار پر چڑھتی ہوئی بے اختیار
ایک ناگن جس طرح مستی میں لہراتی ہوئی
مرغزاروں میں دکھاتی جوے شریں کا خرام
وادیوں میں ابر کے مانند منڈلاتی ہوئی
تیز رفتاری کے سکے جماتی جابجا
دشت و در میں زندگی کی لہر دوڑاتی ہوئی

زد میں کوئی چیز آجائے تو اس کو پیس کر
ارتقاے زندگی کے راز بتلاتی ہوئی

باغوں چشموں اورآبشاروں کےاس حسین راستے پر متعدد بار سفر کیے ۔زندگی کاسفر بھی کس تیزی سے گزرتاہے کہ پلٹ کر دیکھو تو لگتا ہے جیسے کوئی سپنا کوی خواب ہو

SHARE

LEAVE A REPLY