شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور ہٹلر میں کوئی فرق نہیں، ہٹلر نے بھی آئین کا خاتمہ کر کے ملک پر قبضہ کیا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی تباہی اور کرپشن سے پاکستان کئی دہائیوں پیچھے چلا گیا، ملک بچانے کیلئے پارلیمنٹ کو بااختیار بنانا ہے، امید ہے عدالت جلد فیصلہ کرے گی۔
ادھر مسلم لیگ کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو تالے لگا دیئے گئے ہیں۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ خود کو وفادار کہنے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، اگر امریکہ نے دھمکی دی تو پھر اس کا نام لیتے کیوں ڈرتے ہو۔
………………………………
اپوزیشن رہنما شہبازشریف نے نگران وزیراعظم کے معاملے پر صدر کے خط پر جواب دے دیا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت کے خط کا جواب دیا جس میں انہوں نے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت سے انکار کردیا۔
شہباز شریف نے اپنے جواب میں صدر کو کہا کہ آپ نے مجھے دو خط لکھے ہیں جس میں نگران وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام بھی دیا ہے تاہم سپریم کورٹ نے اس سارے معاملے پر از خود نوٹس لے رکھا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے جواب میں مؤقف اپنایا کہ آپ معاملے پر جاری سپریم کورٹ کےحکم امتناع کی خلاف ورزی کررہےہیں اور آپ جتنی مشاورت کررہے ہیں یہ سب عدالتی احکامات اور قانون کی خلاف وزری ہے لہٰذا میں اس مشاورت کا حصہ نہیں بن سکتا۔
واضح رہے کہ تین اپریل کو وزیراعظم کی تجویز پر صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی جس کے بعد صدر نے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت کی غرض سے عمران خان اور شہباز شریف کو خط لکھا۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعظم کے لیے جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام تجویز کیا ہے۔













