جب لکھنا شروع کیا تو بچپن اورپرائمری کی کچھ کچھ باتیں یاد تھیں ۔خیال تھا کہ ایک دوقسطوں میں سمیٹ کر پرائمری اسکول سے ہائی سکول کی طرف نکل چلیں گے ۔مگر اب پتہ نہیں ذہن کے کن کونوں کھدروں سے یادیں نکلتی چلی آرہی ہیں ۔ماضی کی وادیاں اور بھول بھلیاں ہیں کہ کوشش کے باوجود نکل نہیں پارہی ۔سواب میں خود کویادوں کی رہ گذرپر اور قلم کو اسکی مرضی پر کہ جس طرف لے جائے کشاں کشاں چلتی جاتی ہوں ۔
ہم نے متروک کرداروں اورکھانوں کا تذکرہ کیا تھا ۔توایےہمارے سامنے آگئیں ۔یہ وہ دائی تھی جس کے ہاتھ میں ہم چھے بہن بھائی پیدا ہوے ۔بعد ازاں میری بہن کےتین بچے بھی
تب تک اس کی عمر شاید 80 سال سے اوپر تھی ۔مگر ہمت طاقت اور چستی بےمثال تھی پیدائش سے ایک دوماہ پہلے روزانہ مالش کے لیے آتی ۔پھر اکثر رات کو بلا لیا جاتا ایک آدھ رات آنکھوں میں کٹتی ۔پھر بچوں کی پیدائش کے بعد ہر طرح کی خبر گیری ونگہداشت اسکے ذمے تھی ۔ سو صبح سویرے آکر پہلے بچے کی مالش اس کو نہلا دھلا کر باندھ کر جھولے میں ڈالتی توپھر ماں کو دباتی مالش کرتی اور ان تمام کاموں سے فارغ ہو کر رات بھر کے بچے کے گندے کپڑے دھونے بیٹھ جاتی ۔اور چالیس دنوں تک اس کا یہی معمول تھا۔
اگر بیٹا ہوتا تو قریبی رشتے دار بھی اسے خوشی میں پیسے دیتے ۔بصورت دیگر بہت معمولی اجرت پر دائیاں یہ خدمت سر انجام دیتیں ۔امی بتایا کرتیں کہ اس سے پہلے یعنی ہماری پیدائش کے وقتوں میں تو زیادہ تر آٹے گڑچینی اوربہت ہی کم پیسوں میں وہ یہ کام کرتیں ۔ہمارے ہاں لڑکی کی پیدائش پر افسوس کا اظہار اورلڑکے کی پیدائش پر خوب خوشی ودھوم دھڑکا کیا جاتا ۔یہ پتہ چلتے ہی کہ لڑکا ہے ۔قریبی عزیزوں ورشتہ داروں کو یہ اطلاع دی جاتی اوراطلاع دینے والےکو روپے دے کررخصت کیا جاتا اس کو زرہ “کہتے اگر کوئی زرہ نہ دیتا تو ناراضگی پکی ۔اسلیے جہاں لڑکے کی پیدائش ہوتی دائی پہلے زرہ دیتی پھر سب ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتے کہ بات خوشی اور پیسوں کی بھی تو تھی نا کچھ لوگ فائرنگ تو اکثر خوشی میں پٹاخے چھوڑتے جی اس پر بس نہیں ڈھول والے بھی آجائے اورڈھول بجا بجا کر پیسے طلب کرتے خاص طور پر فدا ہیجڑا تو مشہور تھا جو گاتا بجاتاہوا آتا اپنے مخصوص انداز میں تالیاں بجا کر اپناحصہ طلب کرتا اور جب اسے روپے دے جاتے توکبھی راضی نہ ہوتا لہذا اسے اسکی منہ مانگی رقم مٹھائی دے کر رخصت کرتے کہ سب کایہ ماننا تھا کہ اسکی دعا بد دعا لگتی ہے ۔بیٹے کی پیدائش کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل جاتی اور یکے بعد دیگرے اس طرح مبارکباد یاں دینے لوگ آتے ۔گڈوی والی بھی گاتی بجاتی آدھمکتیں ۔ساتویں دن عقیقہ کیا جاتا ۔گھونگڑیاں (سات قسم کے اناج ابال کر )پکا کر تقسیم کی جاتیں ۔بطور خاص آڈر پر حلوائی سے لڈو بنوائے جاتے اورپھر خاکی لفافوں میں ڈال کر رشتے داروں اوردوست احباب میں تقسیم کیے جاتے ۔اور پھر ختنے کرانے کی رسم بھئ شادی کی طرح کھانے ڈھول تماشے کے ساتھ ادا کی جاتی اور لوگ مبارک باد کے لئے آتے بچوں کوپیسے دیتے جب کہ لڑکیوں کی پیدائش پر ایک سناٹا چھا
جاتا ۔مجھے اپنے چھوٹے چھوٹے دوبھائیوں کی تقریب یاد ہے
جس میں دور پار کے تمام رشتے داروں کو دعوت دی گئی تھی ۔مہمانوں کی خاطر تواضع کشمیری چائے گرما گرم سموسے مٹھائی اور لوازمات سے کی گئی جس کا اہتمام ہمارے دادا جان نے کیاتھا ۔سب مہمانوں کے سامنے اس رسم دیرینہ کو ادا کیا گیا ۔اور روتے دھوتے بھائیوں کو سب نے پیسے دیے اس موقع پر لی گئی تصویریں اتنی فضول اورمضحکہ خیز ہیں کہ کسی کو دکھانے کے لائق نہیں ۔
اس زمانے میں ڈائپرزکاتونام ونشاں تک نہیں تھا ۔لیکن مائیں بچوں کو تھوڑی دیر بعد ہاتھوں میں اٹھا کر مشق کراتیں ۔جس کا نتیجہ یہ نکلتا کہ ضرورت کے وقت بچہ رو کر یا مختلف طریقوں سے اظہار کرتا اورماں اٹھا کر لے جاتی ۔عصر کے وقت چھوٹی سی کٹوری میں گھر میں بنی ہوئی پھکی گھول کر چمچ سےپلاتیں ۔جسے پی کر بھائی کلکاریاں مار کر ہنستے کھیلتےکافی دیر تک اور پھر سو جاتےجڑی بوٹیوں پر مشتمل اس پھکی میں بہت معمولی سی مقدار ڈوڈے کی بھی شامل ہوتی ۔بچہ سکون سے سوتا ۔اوربہت سی بیماریوں سے محفوظ رہتا ۔یہی پرانے طریقے اوردایی سسٹم تھا کہ ہرگھر میں درجن بھر بچے معمول کی بات ہ
لوگ باگ شادی کے موقع پر سات بیٹوں کی دعائیں دیتے نہ تھکتے یہ اور بات کہ کبھی کبھی اس کے برعکس ہو جاتا ۔ہمارے ایک رشتے دار کے گھر نو بیٹیاں ہوئیں ۔آخر خالق کائنات کو نظام ہستی بھی تو چلانا تھا اگر لوگوں کی خواہشات کے مطابق ہوتا تو شاید کوئی لڑکی پیدا ہی نہ ہوتی مزے کی بات یہ دعا تو ہمیشہ بیٹوں کی مانگی جاتی لیکن لڑکی ہو جاتی تو پھر لڑکوں سے زیادہ پیار کیا جاتا ۔اس وقت در دل پر ایک اور یاد نے دستک دی ۔امی کا جھولے میں بھائیوں کو ڈال کر لوری دینا پرسوز آواز میں لوری کی لے اور اللہ ہو کی صدائیں کہ فورا “نیند کی وادی میں اتر جاتے ۔اب سوچو تو خود ایک کہانی سی لگتی ہے ڈھیر سارے بچوں کا ہونا، بڑے بڑے کنبوں کی ذمہ داریاں ،بغیر مشینوں کے تمام کام کاج اس پر مستزاد یہ کہ سلائی کڑھائی اورسردی گرمی ہاتھ میں اون اورسلائیاں پکڑی ہوئی گپ شپ بھی ہو رہی ہے کسی کے گھر بھی گئے ہیں تو باتوں کےساتھ ساتھ بنائی بھی ہورہی ہے کہ پورے گھر کے سویٹر جو بننے ہیں تب نہ تو ریڈی میڈ کاچلن تھا نہ لنڈے بازار کا وجود ۔اب بچوں کی پیدائش پر لاکھوں کے بل بچوں کی انواع و اقسام کی مہنگی چیزیں دیکھ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے
خیر ہم متروک یا معدوم ہوتے ہوے کرداروں کا تذکرہ کررہے تھے تو ایک اور کردار جو اب کہیں نظر نہیں آتا وہ ہے ڈومنی کا ۔اب تو طرح طرح کے میوزک گروپ اور ڈی جے وغیرہ آگئے ۔

یادش بخیر ہمارے بچپن میں شادیوں میں بھی پردے کا پورا پورا خیال رکھا جاتا عورتوں مردوں کا انتظام الگ الگ کیا جاتا ۔مردوں کا داخلہ مکمل طور پر زنان خانے میں ممنوع تھا ۔گھر کی عورتیں ڈیوڑھی میں کھڑی ہو جاتیں اورگھر کے مردوں سے پلاو وغیرہ کی سینیاں (ہندکو میں انہیں غوری کہتے )لے لے کر آگے دیتی جاتیں ۔ایسے میں عام سے کپڑوں میں ملبوس سانولی رنگت والی خاتون گلے میں بڑا سا ڈھول ڈالے آجاتی ۔ڈھولک کی تھاپ پر بھنگڑے لڈی اور مختلف رقص کئے جاتے ۔سر پر سے وار کر جو ویل دی جاتی وہ اکنی دونی اورکبھی کبھار ٹکے پیسے پر بھی مشتمل ہوتی ۔کبھی کبھار عورتیں ہی کوٹ پینٹ یا مردانہ سوانگ بھر کوئی دوگانہ گاتیں یا مزاحیہ باتیں وغیرہ کرتیں خواتین بےفکری سے ناچتی گاتیں یہ اور بات کہ اکثر لڑکے بالے تیسری چھت پر چھپ کر درزوں میں آنکھ لگا کر مہندی کے تماشے کو دیکھنے کی کوشش کرتے ۔لڑکی کے گھر مہندی لگانے جاتے تو دور دراز علاقوں تک بھی سب پیدل چل کر جاتے ۔ڈومنی اپنا بڑا سا ڈھول سنبھالے چلتے چلتے سارے راستے ڈھول بجاتی جاتی ۔
جو ذرا کھاتے پیتے لوگ تھے وہ اپنی شادیوں میں پشاور سے ڈومنییاں منگواتے ۔بلکہ پہلے سے جا کر بیعانہ دے کر آتے ۔یہ تین چار خواتین کا گروپ ہوتا اچھے لباس میں ملبوس نخرے ٹخرے والی کافی دیر تک طبلے پر آٹا ملتی رہتیں اورطبلے کی درستگی میں لگی رہتیں بسیار انتظار کے بعد آغاز کرتیں تو فضا میں سر بکھیر دیتیں اکثر آغاز قوالی سے کرتیں شادی بیاہ مہندی کے بیسویں گیت انہیں ازبر ہوتے ۔مہندی کی رسم کے موقع پر اکثر لڑکی لڑکے کے گھر والوں میں کچھ تکرار یا بحث مباحثہ ہوتا تو ایسے میں شرارتا”سھتڑیاں”دینےلگتیں ۔اب مجھے ٹھیک سے تو یاد نہیں لیکن سسرال والوں کو لطیف پیرائے میں برابھلا کہاجاتا ۔کبھی اشارے کناے سے کبھی کھلم کھلا ۔فلمی گانے بہت کم گاے جاتے وہ بھی کس کی خاص فرمایش پر ۔
میں غالبا”دوسری یاتیسری جماعت میں تھی کہ میری خالہ کی شادی ہوئی
اس گھر میں طویل عرصے بعد شادی ہو رہی تھی تو سب بہت پر جوش تھے ۔پشاور سے ڈومنییاں منگوائی گئیں ۔جنہوں نے دو دن روایتی گیت سہرے طرح طرح کے گیت گا کر خوب رنگ جمایا ۔خاص طور پر قوالی نے دلوں کو خوب خوب برمایا
یوں گیتوں اور موسیقی کے سنگ سنگ خالہ پیا دیس سدھاریں ۔
جاری
نصرت نسیم













