ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ تہران نے امریکا سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے لیکن اس کے لیے واشنگٹن کو ایران پر عائد کی گئی پابندیاں اٹھانی ہوں گی۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ‘اے پی’ کے مطابق ایرانی صدر کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں حسن روحانی نے کہا کہ ‘کسی بھی طرح کے مذاکرات کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کو ایران پر عائد پابندیاں اٹھانی ہوں گی۔’
انہوں نے کہا کہ ‘امریکا سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک کے سربراہان سے مذاکرات میں ایران کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔’
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ‘امریکا جب بھی غیر منصفانہ پابندیاں اٹھائے گا، طاقتور ممالک کے سربراہان ہم سے مل سکتے ہیں اور ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس ان کا مقابلہ کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے جنہوں نے تہران پر پابندیاں عائد کیں، لیکن ہم نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے ہیں۔












