اٹارنی جنرل پاکستان بیرسٹر ملک منصور عثمان اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی آدھی آبادی تقریباً خواتین کی ہے، ہمیں انہیں آگے بڑھنے کا حق دینا ہوگا۔
گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول میں ہائی ایچیورز 2026 کی تقریب تقسیم سرٹیفکیٹس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے منصور عثمان اعوان کا کہنا تھاکہ طلبہ و طالبات نے اپنی کارکردگی دکھائی ہےاب یہ ہم پر فرض ہے کہ ہم بھی اپنے حصے کا کام کریں اور ان کے اسکولز اور کالجز کو بہتر کریں۔
انہوں نے کہا ہم جلد ہی ضلع خوشاب میں ایک یونیورسٹی بھی قائم کریں گے، اس سلسلے میں بہت تیزی سے کام جاری ہے، ہم سب سے پہلے گرلز اسکولز میں کمپیوٹر لیبز کو ترجیحی بنیادوں پر قائم کریں گے اور جہاں پہلے سے موجود ہیں وہاں ان کو اپ گریڈ کریں گے۔
اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ بہت سے طلبہ و طالبات یہاں موجود ہیں جنہوں نے نہم جماعت میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور کامیابی حاصل کی ہے، اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان میں سے کتنی طالبات آگے بڑھ سکیں گی ڈاکٹر، انجینئر یا کچھ بن پائیں گی یہ ان کے معاشرے اور وسائل پر منحصر ہے۔
انہوں نے گورنمنٹ پریکٹسنگ اسکول جوہرآباد کی طالبہ طیبہ کو آؤٹ سٹینڈنگ نمبر لینے پر خصوصی طور پر سراہا۔
اٹارنی جنرل کا کہناتھا کہ پاکستان کی آدھی آبادی تقریباً خواتین کی ہے، ہمیں انہیں آگے بڑھنے کا حق دینا ہوگا، کچھ کرنے کا حق دینا چاہیے کچھ بننے کا حق دینا چاہیے اگر انہیں اللہ کی مدد اور والدین کی سپورٹ ہو اور آگے بڑھنا چاہیں تو کوئی بھی انکو نہیں روک سکتا طالبات اس چیز کا انتخاب کریں۔
علاوہ ازیں اٹارنی جنرل نے 92 فیصد سے زائد نمبر لینے والے طلبا وطالبات میں ایچیورز سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔













