نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈینیل ویٹوری 2017 کے سیزن میں انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس کے ہیڈ کوچ حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

ڈینیل ویٹوری نے گزشتہ سال کرکٹ سے کنارہ کشی سے قبل ہی کاؤنٹی سے تین سال کے لیے معاہدہ کیا تھا اور نیٹ ویسٹ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ہیڈ کوچ ہوں گے۔

ویٹوری اس وقت آسٹریلیا کے ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ کے ہیڈ کوچ ہیں جبکہ انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم میں رائل چیلنجرز بنگلور کے بھی ہیڈ کوچ ہیں۔

ویٹوری نے کہا کہ ‘میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مڈل سیکس کی رہنمائی کے لیے موقع ملنے پربہت پرجوش ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ٹیم میں باصلاحیت اور تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور میں ان کی صلاحیتوں اور موجودہ کوچنگ اسٹاف کے کاموں کو بہتر کرنے لیے پرعزم ہوں’۔

مڈل سیکس نے اس سے قبل 2008 میں ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل حاصل کیا تھا جبکہ 1993 کے بعد رواں سال پہلی مرتبہ کاؤنٹی چمپیئن شپ جیتا تھا۔

سابق کیوی کپتان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 442 میچز کھیلے جن میں 113 ٹیسٹ، 295 ایک روزہ اور 34 ٹی ٹوئنٹی میچ شامل ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں 6 سنچریوں اور 23 نصف سنچریوں کی مدد سے 4 ہزار 531 رنز بنائے اور 362 وکٹیں حاصل کیں، ایک روزہ کرکٹ میں 2ہزار 253 رنز اور 305 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ 38 وکٹیں ٹی ٹوئنٹی میں حاصل کیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY