ایران کی عدالت نے یوکرین کا مسافر طیارہ میزائل حملوں سے تباہ کرنے کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا تھا لیکن 3 دن بعد طیارہ گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے اسے ایک تباہ کن غلطی قرار دیا تھا۔
Published on: 22 Jan 2020
ایران کی شہری ہوا بازی نے بتایا ہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں تہران سے اڑان بھرنے والے یوکرینی مسافر طیارے پر ملک کی فوج نے دو میزائل داغے تھے، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوئے۔
سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے میزائل کی شناخت ’ٹو او آر ایم 1‘ ماڈل کے نام سے کی ہے، جو روسی ساختہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ہیں۔
ادارے نے یہ بھی بتایا ہے کہ امریکی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فرانسیسی ادارے بی ای اے سے تکنیکی مدد کی درخواست کی ہے، تاکہ بلیک باکس فلائیٹ ڈیٹا ریکارڈرز کو پڑھا جا سکے، جو جہاز تباہ ہونے والے مقام سے برآمد کیے گئے ہیں۔
ایران نے کہا ہے کہ اب تک امریکہ یا فرانس نے ان کی درخواست کا کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ درخواست کا مقصد یہ تھا کہ درکار آلات میسر آ سکیں، تاکہ کام مکمل کیا جا سکے۔
ابتدائی طور پر ایران نے کہا تھا کہ تیکنیکی مسائل کی وجہ سے جیٹ طیارہ گرا تھا، جبکہ بعد میں یہ بات تسلیم کی کہ ایرانی فوجی اہلکاروں نے طیارہ مار گرایا تھا۔
اس انکشاف کے بعد ایران میں کئی روز تک احتجاجی مظاہرے جاری رہے، جن میں عوام نے اپنے ملک کے رہنماؤں پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ وہ ایران کے میزائل سے تباہ ہونے والے یوکرین کے مسافر طیارے میں ہلاک افراد کے لواحقین کے لیے انصاف اور احتساب کا حصول ممکن بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق سانحے میں 57 کینیڈین نژاد ایرانی ہلاک ہوئے تھے۔ یہ گزشتہ 40 سال میں کینیڈا کے شہریوں کی ایک ساتھ ہلاکت کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
کینیڈا کے مغربی صوبے البرٹا کے شہر ایڈمنٹن میں ایک جمنازیم میں 2300 افراد کا اجتماع ہوا۔ البرٹا کے 13 افراد جہاز کے تباہ ہونے سے ہلاک ہوئے تھے ان میں سے اکثر کا تعلق البرٹا یونیورسٹی سے تھا۔
البرٹا میں اجتماع میں شرکت کے دوران جسٹن ٹرڈو نے کہا “ممکن ہے کہ آپ خود کو ناقابل برداشت حد تک تنہا محسوس کریں لیکن آپ لوگ تنہا نہیں ہیں۔ آپ کا پورا ملک آج، کل اور آئندہ برسوں میں آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔”
جسٹن ٹرڈو کا مزید کہنا تھا کہ یہ سانحہ کبھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے وہاں موجود افراد کو یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو اس مشکل وقت میں میری غیر معمولی حمایت حاصل رہے گی۔
گزشتہ ہفتے یوکرین کا مسافر طیارہ تہران سے ‘کیو’ جا رہا تھا کہ پرواز کے کچھ ہی منٹ بعد تہران کے مضافات میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ حادثے میں تمام 176 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔
ایران نے مسلسل انکار کے بعد ہفتے کو اعتراف کیا تھا کہ اس نے غلطی سے یوکرین کا طیارہ تباہ کیا۔
ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا تھا کہ طیارہ پاسدران انقلاب کی حساس تنصیبات کے قریب سے گزر رہا تھا، جسے غلطی سے مار گرایا گیا۔ غلطی کے مرتکب افراد کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائے گی۔
سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے خطاب میں جسٹن ٹروڈو کا مزید کہنا تھا کہ آپ لوگوں نے ہمیں ایک مقصد دیا ہے کہ آپ لوگوں کے لیے انصاف اور احتساب کو ممکن بنایا جائے۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک وہ ہمارے سوالات کے جواب نہیں دے دیتے۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘اے پی’ کے مطابق جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ نشانہ بننے والے کئی افراد کینیڈا میں اپنے خاندانوں کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے آئے تھے۔
انہوں نے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے کہا کہ “آپ کی تکلیف اور درد کا مداوا الفاظ سے ممکن نہیں۔ امید کرتا ہوں کہ آپ کو کچھ اطمینان ہو کہ کینیڈا کے تمام شہری آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہی بات کینیڈا کو مضبوط بناتی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک احتساب اور انصاف نہیں ہو جاتا۔
قبل ازیں کینیڈا کے ایک اور شہر ٹورانٹو میں بھی ایک تعزیتی اجتماع ہوا تھا۔ یونیورسٹی ہال میں ہونے والے اجتماع میں دو ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔











