چین سے براستہ ابوظہبی لاہور پہنچنے والے 2 چینی باشندوں اور 2 پاکستانی مسافروں کو درجہ حرارت نارمل سے زیادہ نکلنےپر آئسولیشن رومز میں منتقل کر دیا گیا ہے، چاروں افراد کے مزید ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق تھرموگن سےچیک کرنے پر ابوظہبی سے لاہور پہنچنے والے 4 افراد کے جسم کادرجہ حرارت اضافی نکلا، یہ چاروں مسافر غیر ملکی ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچے تھے۔
ذرائع کے مطابق ان افراد میں 2چینی باشندے نی وانگ اورہاولیٹونگ اور 2 پاکستانی مسافر حارث ستار اور وقاص یاسین شامل ہیں.
دونوں چینی باشندوں کو سروسز اسپتال کے آئسولیشن وارڈمیں منتقل کر دیا گیا، جبکہ دونوں پاکستانی مسافروں کو ایئرپورٹ کے آئسولیشن روم میں رکھ کر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چین سے پاکستان آنے والی پروازوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
……………………
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد نے تصدیق کی ہے کہ پمز اسپتال میں لائے گئے چینی شہری میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔
این آئی ایچ حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق اب تک موصول 25 نمونوں میں بھی وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔
قومی ادارے برائے صحت نے بتایا کہ مشتبہ سیمپل سندھ، خیبر پختونخوا، کشمیر اور اسلام آباد سے بھیجے گئے تھے۔
این آئی ایچ حکام کے مطابق اب تک ہمیں موصول ہونے والے تمام سیمپلز کا نتیجہ منفی آیا ہے۔
گزشتہ روز چین سے اسلام آباد پہنچنے والی پرواز میں سوار چینی مسافر کو کورونا وائرس کے شبے میں ایئر پورٹ سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔












